لکھنؤ(نامہ نگار) لکھنؤ مشرقی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کے لئے سماجوادی کی امیدوار جوہی سنگھ کی حمایت میں سماجوادی پارٹی کے لیڈران نے نکڑ جلسوں اور پدیاترا کے ذریعے ووٹ مانگے ۔منشی پلیا پر منعقد جلسے کو خطاب کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سینئرلیڈر اور ریاست کے وزیر صحت احمد حسن نے لوگوںسے کہا کہ وہ جھوٹے وعدے کر کے پارلیمانی انتخاب میں ووٹ حاصل کرنے والوں سے ہوشیار رہیں اور انہیں سبق سکھانے کو تیار ہو جائیں ۔مسٹر حسن نے کہا کہ لمبے عرصے تک لکھنؤ سے ممبر پارلیمنٹ اور ممبر اسمبلی رہنے کے باوجود بی جے پی کے لوگوں نے کوئی کام نہیں کیا ۔ انہوں نے جوہی سنگھ کو محنتی اور اور جدوجہد کرتی رہنے والی امیدوار بتاتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل حلقے میں رہ کر کام کر رہی ہیں اور عوام کی خوشی و غمی میں ہر موقع پر ساتھ رہتی ہیں ۔مسٹر حسن نے بی جے پی پر جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت میں مہنگائی مسلسل بڑھتی جارہی ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سماجوادی کے سینئر لیڈر امبیکا چودھری نے کہا کہ بی جے پی نے عوام کو ٹھگا ہے ضمنی انتخاب میں عوام کے پاس بی جے پی کو سبق سکھانے کا موقع ہے ۔ اس موقع پر پارٹی کے شہر صدر مکیش شکلا ،مہانگر صدر محمد حنیف خاں ضلع صدر اشوک کمار سمیت دیگر لیڈران نے عوام سے سماجوادی پارٹی کی امیدوار جوہی سنگھ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔شام کو سماجوادی لیڈران نے پیپر مل کالونی نشاط گنج میں پد یاترا نکال کر جوہی سنگھ کے لئے ووٹ مانگے ۔پد یاترا میں سنیل یادو،مکیش شکلا،سعود خاں،ودیا یادو سمیت کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے ۔