لکھنؤ(نامہ نگار) اکھلیش یادو کی حکومت کے اقتدارمیں آنے کے بعد سے ریاست کے قانون و انتظام کی صورت حال بد سے بدتر ہوئی ہے ۔ریاست میں قتل لوٹ اور اغوا جیسے سنگین جرائم میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔خواتین کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کی وارداتوں میں پورے ملک میں ریاست میں ریکارڈ قائم کیا ہے ۔یہ بات جی پی او میں دھرنا و مظاہرہ کررہے بی جے پی ممبران پارلیمنٹ اور پارٹی کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی گونگی بہری حکومت سب کچھ دیکھتے ہوئے بھی ریاست کے قانون و انتظام کو درس
ت کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کہیں سیلاب ہے تو کہیں خشک سالی کے حالات پیدا ہورہے ہیں بجلی کے بحران کی صورت حال دنوں دن بدتر ہوتی جارہی ہے۔ کھاد ،بیج ،بجلی اور پانی کے مسائل کا سامناکر رہے کسانوں کی کہیں سنوائی نہیں ہورہی ہے ۔باجپئی نے کہا کہ ریاست میں بڑھتے جرائم اور بجلی پانی کے مسائل سمیت عوامی مفاد کے دیگر معاملات پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اکھلیش حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی ہر سطح پر مخالفت کرے گی ۔پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام شنکر کٹھیریا نے اکھلیش حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں عوام کی رائے کو اہمیت نہ دینے والوں کو عوام معاف نہیں کرے گی ۔اس موقع پر راج بیرسنگھ ،للو سنگھ ،برج بھوشن ،شرن سنگھ ،راجیندر اگروال ،ڈاکٹر یشونت سنگھ ،سرویش سنگھ ،ستیہ پال سینی ،اور ڈاکٹر بھولا سنگھ سمیت پارٹی کے دیگر عہدہ داران و کارکنان موجود تھے ۔