۔نئی دہلی (بھاشا) یونائٹیڈ بینک آف انڈیا( یوبی آئی) نے کنگفشر ایئر لائنس اور اس کے پرموٹر وجے مالیا کو جان بوجھ کر قرض کی ادائیگی نہ کرنے والا قرار دیا ہے اور وہ اس معاملے میں اس طرح کا اعلان کرنے والا پہلا بینک ہے۔ اس سرکاری بینک کے کار گزار ڈائریکٹر دیپک نارنگ نے کہا کہ ہم نے وجے مالیا اور کنگفشر ایئر لائنس کے تین دیگر ڈائریکٹروں کو جان
بوجھ کر قرض نہ ادا کرنے والا قرار دیا ہے۔ بینک کی شکایت نمٹان کمیٹی(جی آر سی) کے اس فیصلے نے کمپنی کے ڈائریکٹر روی نیدوگڑی ، انل کمارگنگولی اور سبھاش گپتا کا نام ہے ۔ اس اعلان کے بعد مذکورہ افراد اور یہ کمپنی مستقبل میں بینک سے قرض حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ انہیں ڈائریکٹر کے عہدے سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا۔ ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف مجرمانہ معاملہ بھی درج کیا جاسکتاہے۔ نارنگ نے کہا جی آر سی کے اس فیصلے سے وزارت مالیات، ریزرو بینک اور سیبی کو بھی مطلع کیا جائے گا تاکہ وہ اس معاملے پرآئندہ کوئی بھی مناسب کارروائی کر سکے۔ کولکاتہ ہائی کورٹ کی ایک ڈیویزن بنچ نے اس بینک کو گذشتہ ہفتے اس کمپنی اور اس کے ذمہ دار افراد کو جان بوجھ کر قرض کی ادائیگی نہ کرنے والے قرار دینے کا عمل شروع کرنے کی چھوٹ دیدی تھی۔ اس کے بعد بینک کی جی آرسی آج میٹنگ ہوئی جی آر سی نے اس سے قبل ڈائریکٹروں کو پیش ہونے کے لئے کہا تھا لیکن وہ نہیں آئے۔ بلکہ انھوں نے اپنے وکیل کے ذریعہ ایک مکتوب بھیجا کہ انھوں نے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کا معاملہ دائر کیاہے اور اس پر فیصلہ نہ ہونے تک بینک اس سلسلے میں آگے کوئی کارروائی نہیں کرسکتاہے۔