لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سروجنی نگر کے اموسی ایئر پورٹ پر ڈامیسٹک ٹرمنل کے سامنے دوپہر بارہ بجے ایک رینالڈ ڈسٹر کار کے اچانک جل اٹھنے سے ایئر پورٹ کیمپس میں افراتفری مچ گئی۔
اطلاع ملنے پر پہنچے فائر ملازمین کی ہوشیاری سے آگ جلد ہی بجھا لی گئی جس سے ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔ گومتی نگر کے دھریندر بہادر سنگھ اپنی کار نمبر یو پی ۳۲ ای ٹی ۸۰۸۰ سے اپنے بیٹے پنکج سنگھ کو چھوڑنے ایئر پورٹ آئے تھے۔
کار میں ان لوگوں کے علاوہ ڈرائیور دیپک یادو اور ان کے دوست ارون کمار مشرا سوار تھے۔ انہوں نے اپنی گاڑی ڈامیسٹک ٹرمنل کے سامنے پارک کی اور بیٹے کو چھوڑنے چلے گئے۔ گاڑی کھڑی کرنے کے پانچ منٹ بعد گاڑی کے انجن سے دھنواں نکلنے لگا جس کے فوراً بعد دھنواں آگ کی لپٹوں میں تبدیل ہو گیا۔ حفاظت کیلئے موجود ملازمین نے اس کی اطلاع فائر بریگیڈ محکمہ کو دی۔ فی الحال آگ کا سبب
گاڑی کے انجن میں شارٹ سرکٹ ہونا بتایا جا رہا ہے۔