لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔مہا نگر کے رحیم نگر میں رہنے والے ایک رکشا ڈرائیور کی بیوی نے آج صبح پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے گھریلو چپقلش کے سبب خود کشی کی ہے۔ خاتون پہلے بھی دو شادیاں کر چکی تھی۔ دوسری جانب علی گنج علاقہ میں بھی ایک چاٹ فروش نے گزشتہ رات پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ اس نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ ابھی نہیں چل سکا ہے۔ انسپکٹر مہا نگر ناگیندر چوبے نے بتایا کہ رحیم نگر بندھے کے پاس جھونپڑ پٹی میں رہنے والے رکشا ڈرائیور وجے دوبے اپنی بیوی ۴۲ سالہ گیتا دیوی اور پانچ بچوں کے ساتھ رہتا ہے۔ وجے آ ج صبح گھر سے رکشا چلانے کیلئے نکلا تھا۔ اسی درمیان گیتا نے گھر میں لگی بلی کے سہارے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ ماں کو جب بچوں نے پھندے پر لٹکتے ہوئے دیکھا تو اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع پاکر موقع پر مہا نگر پولیس اور گیتا کا شوہر وجے بھی پہنچ گیا۔ پولیس نے تفتیش کر کے گیتا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گیتا نے گھریلو چپقلش کے سبب خود کشی کی ہے۔ اس کے علاوہ ہردوئی کا ۴۰ سالہ راکیس شرما اپنی بیوی اور دو بچوں کے
ساتھ تروینی نگر شیولوک کالونی میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ راکیش چاٹ فروخت کرنے کا کام کرتا تھا۔کل رات تقریباً بارہ بجے وہ کام سے گھر لوٹا اور کھانا کھاکر اپنے کمرے میں سونے کیلئے چلا گیا۔ آج صبح جب راکیش کی بیوی نے کھڑکی سے اندر جھانک کر دیکھا تو شوہر کی لاش ساڑی کے سہارے لٹک رہی تھی۔ واردات کی اطلاع پاکر موقع پر پہنچی علی گنج پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑا اور راکیش کی لاش کو نیچے اتارا ۔ تفتیش کرنے کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ راکیش نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ ابھی تک نہیں چل سکا ہے۔