علی گڑھ (نامہ نگار)۔ مرکزی حکومت کے سو دن پورے ہونے پر بی بی سی کی ہندی سروس نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ تعلیم میں ایک مذاکرہ کااہتمام کیا تاکہ نوجوان نسل اپنی امیدوں، جذبات، حکومت کی کامیابی اور ناکامیوں کے ساتھ اپنے نقطہ نظر کو استدلال کے ساتھ پیش کر سکے۔’’بی بی سی کیمپس ہینگ آئوٹ‘‘ کے نام سے منعقدہ اس مذاکرہ میں مختلف فیکلٹیوں کے بیس طلبہ و طالبات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کو معروف سوشل سائٹ فیس بک، یو ٹیوب اور بی بی سی کی ویب سائٹ کے ذریعہ براہ راست نشر کیا گیا تاکہ دنیا بھر کے لوگ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کے خیالات سے متعارف ہو سکیں۔ اس گفتگو میں وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ اور پرووائس چانسلر برگیڈیئر سید احمد علی کے ساتھ یونیورسٹی ویب کمیٹی کے ممبر بھی موجود تھے۔گفتگو کے اختتام پر وائس چانسلر جنرل شاہ نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات میں یہ قابلیت موجود ہے کہ وہ کسی موضوع پر پوری مضبوطی کے ساتھ اپنا نظریہ رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے جس بالغ نظری، جوش اور ولولے کے ساتھ اپنی بات رکھی اس سے انہیں امید ہے کہ اس پروگرام سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط فہمیاں دور ہوں گی ۔