لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں دلت اور مسلمانوں کو لڑانے کی سازش کر رہی ہے۔ یہ الزام اکھل بھارتیہ کانگریس کمیٹی درج فہرست ذات محکمہ کے چیئر مین کے راجو نے عائد کیا۔ پارٹی صدر دفتر پر صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بی جے پی میں تقسیم کرو اور راج کرو کی پالیسی چل رہی ہے جسے پارٹی کامیاب نہیں ہونے دے دی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریاست میں دلت اور مسلمانوں کے درمیان خیر سگالی قائم کرنے کاکام کرے گی۔ انہو ںنے الزام عائد کیا کہ درجہ فہرست ذات کے طلباء کے وظیفہ کے طور پر ملنے والی رقم کا ناجائز استعمال ہو رہا ہے۔ دلتوں کے ساتھ تفریق کی واردات میں اضافہ سے دلتوں کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوںمیں قیادت کی صلاحیت پیدا کرنے کیلئے پارٹی کام کرے گی۔ محکمہ دلتوں کے دکھ درد کو سمجھ کر ان کی بہتر ترقی کیلئے ریاستی حکومت پر دباؤ بنائے گا۔ ریاست میں تنظیم دلتوں کے مدعوں اور حقوق کی آواز اٹھانے
کا کام کرے گی۔ اس سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے جس پر کام کرتے ہوئے دلتوں کا بھروسہ حاصل کیا جائے گا، انہوںنے کہا کہ کانگریس کے دور اقتدار میں دلتوں کی بہبودکیلئے شروع کی گئیں اسکیموں کا عمل نافذ نہیں ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دلتوں کی زمینوں پر قبضوںکی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے جس پر پارٹی ایک ماہ کے اندر رپورٹ تیار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان بی جے پی کی اس گھٹیا کوششوں کو اجاگر کر کے عوام کو حقیقت سے روشناس کرائیں گے۔ایک سوال کے جواب میںمسٹر راجو نے کہا کہ ریاستی کانگریس کمیٹی میں مندرجہ فہرست ذات کو مناسب نمائندگی ملے گی۔ کانگریس کمیٹی درج فہرست ذات محکمہ کے چیئر مین نے کہا کہ درج فہرست ذات میں قیادت کی صلاحیت کو ترقی دینے کیلئے پارٹی حکمت عملی بناکر کام کرے گی۔ کانگریس صدر دفتر میں ریاستی سطح پر درج فہرست ذات قیادت ترقیات نشست کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی دلتوں کے مسائل پر جدو جہد کرے گی۔ نشست کو خطاب کرتے ہوئے محکمہ کے ریاستی چیئر مین بھگوتی پرساد چودھری نے ریاست میں تنظیم کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کی منشاء کے مطابق درج فہرست ذات کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پارٹی سے جوڑنے کیلئے مہم چلائے گی۔ نشست کو محکمہ کے سکریٹری اور ریاستی انچارج ایم کرسٹوفر تلک، ایس پی سنگھ، مرکزی درج فہرست ذات کمیشن کے صدر پی ایل پنیا، سابق ریاستی صدر ڈاکٹر ریتا بہوگناجوشی، سابق ایم ایل سی ہریش باجپئی سمیت دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔