لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ لکھنؤ مشرقی اسمبلی حلقہ ضمنی انتخاب کی ووٹنگ کی تاریخ جیسے جیسے نزدیک آرہی ہے ویسے ویسے بی جے پی امیدوار آشوتوش ٹنڈن کی انتخابی تیاریاں تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ اتوار کو صبح آشوتوش ٹنڈن لوہیا پارک گومتی نگر میں دورہ پر آئے اور لوگوں سے ملے۔ اس کے بعد وہ شکتی نگر ، اندرا نگر میں جلسہ میں حصہ لینے پہنچے۔ جلسہ کا اہتمام سلل کھنہ نے کیا اور علاقہ کے کئی سینئر باشندوں سے ٹنڈن کی حمایت میں ووٹنگ کرنے کی اپیل کی۔ اتوار کی چھٹی کا فائدہ لیتے ہوئے سہ پہر میں اسماعیل کھنڈ، وشال کھنڈ میں لکھنؤ بی جے پی ضلع صدر وریندر پرتاپ سنگھ کے ساتھ ٹنڈن نے عوام سے رابطہ کیا۔ ٹنڈن کو اپنے درمیان پاکر لوگوں نے ان کا چھتوں سے ہار پھول کی بارش کر کے استقبال کیا اور ان کی جیت کی یقین دہانی کرائی۔ لکھنؤ میئر ڈاکٹر دنیش شرما کی صدارت میں نیو حیدر آباد میں اساتذہ کا جلسہ ہوا جس میں میئر نے جلسہ میں موجود اساتذہ سے بی جے پی امیدوار کو فتح دلانے کی اپیل کی۔ جلسہ میں خاص طور سے ڈاکٹر پرینکا پانڈے، ڈاکٹر شرد دھر شرما کے ساتھ سنوان بینکویٹ ہال وویک کھنڈ گومتی نگر میں جلسہ میں حصہ لیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر رکن پارلیمنٹ جگدمبیکا پال موجود تھے۔