لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کانگریس نے بی جے پی صدر امت شاہ کے ذریعہ ریاست میں دیئے بیان کی سخت مذمت کی ہے۔ بی جے پی صدر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ریاست میں کشیدگی قائم رہی تو بی جے پی اقتدار میں آجائے گی۔ ریاستی کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر ہلال احمد نے الزام عائد کیا ریاست میں فرقہ پرست طاقتیں ملک میں نفرت کی حالت قائم کئے ہوئے ہیں۔ جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں وہاں صورتحال بے حد خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے بی جے پی کی ساکھ لوجہاد جیسی منفی سوچ پر قائم ہے۔ انہوںنے الزام لگایا کہ بی جے پی ریاست میں صف بندی کی سیاست کا سہارا لے رہی ہے اور سماج وادی پارٹی اس میں حصہ داری کرتی ہے۔ دونوں پارٹیوں کو ایک سکے کے دو پہلو بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک ملک میں ۶۰۰ سے زائد فرقہ وارانہ فسادات ہوئے ان میں سے ۲۵۰ سے زائد فسادات ریاست میں ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں اپنے وجود کو بچانے کیلئے بی جے پی ایک بار پھر تقسیم کرنے والی سیاست پر منحصر ہو گئی ہے۔ گزشتہ دنوں اتراکھنڈ اور ملک کی دیگر ریاستوں میں ہوئے ضمنی
انتخابات میں جس طرح عوام نے بی جے پی کو اپنی حمایت دی اس سے بی جے پی میں بے چینی بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام بی جے پی کہ اس گھنونی سیاست کو سمجھ چکے ہیں۔ ضمنی انتخابات میں تقسیم کرنے والی طاقتوںکو منھ کی کھانی پڑے گی۔