لکھنؤ(نامہ نگار)نقلی تمباکو بنا کر فروخت کرنے والی فیکٹری کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایس ٹی ایف نے فیکٹری چلانے والے سمیت ۶؍افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ فیکٹری مڑیاؤں علاقہ میں ایک وکیل کے مکان میں چلائی جا رہی تھی۔ ایس ٹی ایف اب اس معاملہ میں وکیل کے کردار کی تفتیش کر رہی ہے۔ موقع سے ایس ٹی ایف کو نقلی تمباکو ، اس کو بنانے والی مشین، پیکنگ کے ریپر اور خام مال بھی ملا ہے۔
ایس ٹی ایف سے ملی اطلاع کے مطابق فرخ آباد کے قائم گنج واقع سپر فاسٹ تمباکو کمپنی کے لوگوں نے ایس ٹی ایف سے اس بات کی شکایت کی تھی کہ ان کی کمپنی کے نام پر کچھ لوگ نقلی تمباکو بنا کر راجدھانی میں فروخت کر رہے ہیں اس اطلاع پر ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم کو چھان بین کیلئے مامور کیا گیا تھا۔ چھان بین کے دوران ایس ٹی ایف کو ا
لاع ملی کہ نقلی سپر فاسٹ تمباکو بنانے کا ایک کارخانہ مڑیاؤں کے پریادرشنی کالونی کے رہنے والے بھرت پال سنگھ وکیل کے گھر میں چل رہا ہے۔
اس اطلاع کے بعد سنیچر کے روز شام ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم نے کارخانہ پر چھاپہ مارا۔چھاپہ ماری کے دوران پولیس نے موقع سے جانکی پورم کے رہنے والے دلیپ کمار، ہردوئی کے رہنے والے جتندر سنگھ، فرخ آباد کا باشندہ کمل چندر کٹیار، ہردوئی کا بلرام گپتا، قنوج کا گڈو اور راجستھان کے رہنے والے دھوج سنگھ کو گرفتار کیا۔
کارخانہ سے ایس ٹی ایف کو تمباکو بنانے کی مشین، دو بوری تلسی تمباکو کے پیکٹ، ۱۹بورا نقلی تمباکو، بارہ رول تمباکو پیکنگ کے ریپر اور بارہ بوری خام مال ملا ہے۔ایس ٹی ایف کے مطابق نقلی تمباکو کا یہ کارخانہ تقریباً ایک سال سے وکیل کے گھر میں چل رہا تھا اس نقلی کارخانہ کو چلانے والا دلیپ کمار نامی شخص کو بتایا جا رہا ہے۔ ایس ٹی ایف کی ٹیم مکان مالک بھرت پال سنگھ وکیل کے بارے میں بھی تفتیش کر رہی ہے کہ اس کا اس نقلی کارخانہ میں کوئی کردار تو نہیں ہے۔