لکھنؤ(نامہ نگار)کاکوری میں مورا گاؤں کے رہنے والے بی ڈی سی رکن انل کمار کے قتل کا راز فاش کرنے کا پولیس نے دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں لوٹ مار کے دوران بدمعاشوں نے انل کا قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے آج اس معاملہ میں قتل میں شامل ایک بدمعاش کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ تین دیگر بدمعاش ہنوز فرار ہیں۔
ایس پی دیہات حبیب الحسن نے بتایا کہ بی ڈی سی رکن انل کمار سنگھ کے قتل معاملہ میں تفتیش کے دوران پہلے تو پولیس کو اس بات کا شک تھا کہ انل کا قتل گاؤں پردھان کے انتخاب اور دبدبہ کو لے کر کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس سمت میں کئی لوگوں سے پوچھ گچھ کی تھی لیکن پولیس کو کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ اس کے بعد پولیس نے لوٹ مار کو قتل کا مقصد قرار دیتے ہوئے اپنی تفتیش شروع کی۔ پولیس کی دلیل تھی کہ جس طرح گھر میں داخل ہو کر بدمعاشوں نے انل سنگھ کو گولی ماری تھی وہ چور اور لٹیروں کے گھر میں داخل ہونے کی گواہی دے رہا تھا۔ اسی بنیاد پر تفتیش کرتے ہوئے کاکوری پولیس نے دوشنبہ کو جہٹا پل کے نزدیک سیتاپور کے تمبور کے رہنے والے وکش راج نام کے ایک بدمعاش کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بی ڈی سی رکن کے گھر لوٹ کے دوران اس کا قتل کرنے کی بات قبول کر لی۔ پولیس نے اس کے قبضے سے قتل میں استعمال طمنچہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ ملزم نے اس واردات میں شامل تین دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں۔ پولیس اب ان کی تلاش کر رہی ہے۔ ملزم وکش راج نے بتایا کہ گذشتہ ۲۵؍اگست کی رات وہ لوگ بی ڈی سی رکن کے گھر چوری کے ارادہ سے داخل ہوئے تھے۔ ان لوگوں نے جب بی ڈی سی رکن کے کمرے کو کھولنے کی کوشش کی تو اس کی اہلیہ ممتا کی آنکھ کھل گئی اسی درمیان بدمعاش ان کے کمرے میں داخل ہو گئے۔ بدمعاشوںکو دیکھ کر انل نے ایک بدمعاش کو گرفت میں لے لیا۔ اس پر بدمعاشوںنے پہلے تو اس پر ڈنڈے سے حملہ کیا اس کے باوجود انل سنگھ نے بدمعاش کو نہیں چھوڑاخود کو پھنستا دیکھ کر بدمعاشوں نے انل سنگھ کا گولی مار کر قتل کیا اور فرار ہو گئے۔
انکشاف تو ہوا لیکن کئی
سوالوں کے جواب باقی؟
کاکوری پولیس نے بی ڈی سی رکن انل سنگھ کے قتل کا راز توفاش کر دیا لیکن کئی سوال ایسے ہیں جن کا جواب خود پولیس کے پاس نہیں ہیں۔ اگر پولیس کی بات مان بھی لی جائے کہ لوٹ کے دوران انل سنگھ کا قتل کیا گیا تو بدمعاش انل سنگھ کے گھر سے کون سا سامان لوٹ کر لے گئے؟ لوٹا گیا سامان کہاں ہے؟ وہیں موقع سے پولیس کو ایک گھڑی اور ٹیوب ویل کے نزدیک سے قاتلوں کے کپڑے ملے تھے کیا جو سامان موقع سے ملا تھا وہ پکڑے گئے بدمعاش وکش راج کا ہے یا کسی دیگر کا؟ وہیں پولیس کے اس انکشاف سے بی ڈی سی رکن کے کنبہ والے بھی مطمئن نظرنہیں آرہے ہیں۔پولیس نے دباؤ کے سبب اس واردات کو لوٹ کا رنگ دے کر راز فاش کر دیا ہے۔