ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ موٹاپے سے ہڈیوں کی بیماری آسٹیوپوروسس کا خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ اس بیماری میں ہڈیاں کمزور پڑ جاتی ہیں۔امریکی سائنس دانوں نے معلوم کیا ہے کہ بعض فربہ افراد کی ہڈیوں کے اندر چربی چھپی ہوئی ہوتی ہے، جس کے باعث وہ کمزور پڑ جاتی ہیں اور آسانی سے ٹوٹ سکتی ہیں۔بوسٹن میں واقع ہارورڈ میڈیکل ا سکول کی ٹیم نے 106 فربہ، لیکن صحت مند مرد و خواتین کی ہڈیوں کا سکین کیا۔ان کی تحقیق کے نتائج ریڈیالوجی جریدے میں شامل ہوئے ہیں۔ان سکینوں سے معلوم ہوا کہ فربہ افراد کے جسم کے مختلف اعضا میں چربی چھپی ہوئی ہوتی ہے، جن میں جگر، پٹھے، ہڈیوں کا گودا شامل ہیں۔اس تحقیق میں شامل ڈاکٹر مریم بریڈیلا کہتی ہیں کہ سیب کی شکل کا جسم رکھنے والے اشخاص سب سے زیادہ خطرے کی زد پر ہوتے ہیں۔ یہ وہ افراد ہیں جن کی زیادہ وزن کمر کے آس پاس مرکوز ہوتا ہے۔ہڈیوں کا گودا وہ جگہ ہے جہاں نئی ہڈی کے خلیے تشکیل پاتے ہیں۔جن لوگوں میں یہ مرض ہوتا ہے ان کی ہڈیوں کے گودے میں چربی کی زیادہ مقدار پا
ئی گئی۔ڈاکٹر بریڈیلا کہتی ہیں کہ اگر گودے کی جگہ پر چربی آ جائے تو اس سے ہڈی کمزور پڑ جاتی ہے۔