لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔اٹونجہ پولیس نے جہیز قتل کے معاملہ میں مہیگواں کے رہنے والے پردیپ کو منگل کو گرفتار کر لیا۔ پردیپ کی ۲۲ سالہ بیوی آشا کی آگ میں جلنے کے سبب گزشتہ ۸؍اگست کو موت ہو گئی تھی والد نے شوہر سمیت پانچ لوگوں پر جہیز قتل کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ جانچ کے بعد شوہر کو گرفتار کیا گیا اور دیگر ملزمین ابھی بھی فرار چل رہے ہیں۔ مہیگواں کے رہنے والے پردیپ کی شادی تین برس قبل مرمکھا گاؤں تھانہ بڈو پور ضلع بارہ بنکی کے رہنے والے شبھ کرن کی بیٹی آشا دیوی سے ہوئی تھی۔ پردیپ مہیگواں گاؤں کے چوراہے پر پان کی دکان چلاتاتھا اس کے کوئی بھی اولاد نہیں تھی۔ ۲۳؍جولائی کو آشا دیوی مشتبہ حالت میں جل کرشدید طور پر جھلس گئی تھی جسے سول اسپتال کی برن یونٹ میں داخل کرایا گیا تھا اس کی ۸؍اگست کو موت ہو گئی تھی۔ والد شبھ کرن نے اٹونجہ تھانہ میں شوہر پردیپ سمیت چچا رام پرساد و چاچی ، پھوپھا برج لال اور پھوپھی سمیت پانچ لوگوں کے خلاف جہیز قتل کا معاملہ درج کرایا تھا۔ الزام تھا کہ شوہر اور دیگر لوگ آشا دیوی کا موٹر سائیکل اور نقد روپئے کیلئے استحصال کرتے تھے جس کے سبب ان لوگوں نے مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے اس کی موت ہو گئی۔