لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ آئندہ چار دن بعد ہونے والے لکھنؤ مشرقی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے منگل کو بی جے پی امیدوار آشوتوش عرف گوپال ٹنڈن کی حمایت میں روڈ شو کااہتمام کیا گیا۔ روڈ شو میں امنڈی بھیڑ و جگہ جگہ استقبال دیکھ کر بی جے پی لیڈران کافی خوش دکھے۔ مہا نگر واقع بی جے پی دفتر سے روڈ شو کو مرکزی وزیر سنتوش گنوار نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر سیتاپور کے رکن پارلیمنٹ راجیش ورما بھی موجود تھے۔ نشاط گنج میں جگہ جگہ گوپال ٹنڈن کا لوگوں نے استقبال کیا۔ مختلف مقامات پر خواتین نے گوپال ٹنڈن کے استقبال کیلئے پھولوں کی بارش کی۔ فن مال کے نزدیک روڈ شو میں بھیڑ جمع ہو گئی۔ گومتی نگر سے ہوتے ہوئے جب روڈ شو اندرا نگر کے بھوت ناتھ علاقہ میں پہنچا تو بھیڑ مزید بڑھ گئی۔ سائیکل سوار کارکنان کی قیادت میں چل رہے اس روڈ شو میں کھٹک سماج ، بھوجپوری سماج سمیت ہر طبقہ کے لوگوں نے شرکت کی۔