مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے قریب بدھ کی صبح ہونے والی جھڑپوں میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔
فلسطینی میڈیکل اور سیکیورٹی ذرائع نے اسرائیلی گولی کا شکار بننے والے 22 سالہ فلسطینی نوجوان کی شناخت تیسیر القطری کے طور پر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق العماری کیمپ میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں تیسیر کو چھاتی پر گولی لگی۔
اسرائیلی فوج کی ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ اسرائیلی فوجی دستوں نے حماس کے ایک رکن کو گرفتار کرنے کے لئے کیمپ پر چھاپا مارا تھا اور اس کے ردعمل کے طور پر تقریبا 50 فلسطینیوں نے پتھروں، پٹرول بموں اور جلتے ہوئے ٹائروں سے ان پر حملہ کر دیا۔
ترجمان کے مطابق “فوجی دستوں نے ایک فلسطینی کو ایک دھماکا خیز مواد پھینکتا دیکھ کر ردعمل کے طور پر فائرنگ کر دی۔” ترجمان نے اشارتاً بتایا کہ فلسطینی کو گولی لگ گئی اور اسے علاج کے لئے ہسپتال لے
جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔