لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ عظیم اللہ خاں یوتھ سوسائٹی نے تالکٹورہ میں کربلاعظیم اللہ خاں کی زمین پر شراب کا ٹھیکہ ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سوسائٹی کے عہدیداروں کے جلسہ میں کربلاکی زمین پر جبراً شراب کا ٹھیکہ کھولنے کی مذمت کی گئی۔ جلسہ میں مقررین نے کہا کہ شراب ٹھیکہ نہ ہٹنے پر سوسائٹی دھرنے و مظاہرے کیلئے مجبور ہوگی۔ سوسائٹی کے میڈیا انچارج ہریش چندر دھانک نے بتایا کہ کربلا کی زمین پر کھولے گئے شراب کے ٹھیکے کو ہٹانے کے سلسلہ میں ضلع مجسٹریٹ و آبکاری کمشنر کو عرضداشت دی جا چکی ہے لیکن ٹھیکہ کو اب تک نہیں ہٹایا گیا۔ جلسہ میں جاوید نواب، صغیر حسین، نواب علی، منا لال، منگل سنگھ، محمد احمد، باقر حسین سمیت دیگر لوگ شامل تھے۔