لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔کانگریس نے ریاست میں بڑھ رہے بجلی بحران کے سلسلہ میں مرکزی اور ریاستی حکومت کے ایک دوسرے پر الزام تراشی کی مذمت کی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ریاست بجلی بحران دور کرنے کیلئے الزام تراشی کا سلسلہ چھوڑ کر ٹھوس کارروائی کرے۔ پارٹی کے کمیونیکیشن محکمہ کے چیئر مین ستیہ دیو ترپاٹھی نے کہا کہ ریاست میں بڑھتے بجلی بحران کے سبب ریاست کے عوام پس رہے ہیں۔ ریاست میں ۱۹۸۹ء سے آج تک کسی بھی غیر کانگریسی حکومت نے ایک میگاواٹ پیداوار بھی اپنے دور اقتدار میں نہیں بڑھایا۔ نہ ہی پیدوار بڑھانے کیلئے کوئی پروجیکٹ لگایا جس سے بجلی پیداوار میں اضافہ ہو۔ ریاست کے بجلی بحران کی وجہ سے ہی سودسمیت دیگر صنعتی گھرانے اپنے یونٹ قائم کرنے میں ہچک رہے ہیں۔ بجلی ملازمین کے ذریعہ صارفین کے ساتھ ہورہے کھلواڑ پر ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ من مانا بل اور ملازمین کے غلط رویے پر لگانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ یہی نہیں تقسیم نظام سے منسلک ملازمین بجلی ریگولیٹری کمیشن کی ہدایات کی بھی مسلسل خلا ف ورزی کر رہے ہیں۔ مسٹر ترپاٹھی نے کہا کہ بجلی تقسیم میں بھی یکسانیت ہونی چاہئے۔ کسی ضلع کو خاص درجہ دے کر چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنا اور دوسرے اضلاع کو ۸ گھنٹے بھی بجلی نہ دینا ریاستی حکومت کی غلط پالیسی ہے۔ یہ پالیسی غیر جمہوری اور قابل مذمت ہے۔