لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ علی گنج علاقہ میں ضلع سپلائی دفتر میں تعینات خاتون سے بدمعاش پرس لوٹ لے گئے۔لوٹ کی اس واردات کی رپورٹ درج کرنے کے بجائے پولیس نے محض پرس غائب ہونے کی رپورٹ درج کی ہے۔ سوچنے والی بات یہ ہے کہ پولیس کی اس کارگزاری سے جرائم میں گراوٹ کیسے آئے گی۔ وہیں علی گنج علاقہ میں شام کے وقت موٹر سائیکل سوار بدمعاش ایک نرسنگ کی طالبہ سے پرس لوٹ لے گئے۔اس معاملہ میں پولیس نے لوٹ کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ جانکی پورم کے سیکٹر او کی رہنے والی الکا تلوار ڈنڈہیا میں ضلع سپلائی دفتر میں تعینات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج دوپہر تقریباً تین بجے وہ دفترسے رکشا سے واپس گھر لوٹ رہی تھی۔ راستے میں علی گنج سیکٹر ایم میں سی ایم ایس اسکول کے نزدیک موٹر سائیکل سوار دو بدمعاش الکا کے ہاتھ سے پرس لوٹ لے
گئے۔
واردات کے بعد انہوں نے مدد کیلئے شور بھی مچایا لیکن لوگوں کے جمع ہونے سے قبل لٹیرے بھاگ چکے تھے۔ گھر پہنچ کر الکا نے اپنے ساتھ ہوئی واردات کی جانکاری کنبہ والوں کودی۔اس کے بعد الکا اپنے بھائی کے ساتھ علی گنج تھانہ شکایت لیکر پہنچی۔ علی گنج تھانہ میں تعینات پولیس اہلکاروں نے کورٹ کچہری کے چکر کا خوف دلاتے ہوئے الکا سے اس معاملہ میں پرس غائب ہونے کی تحریر دینے کی بات کہی۔ پولیس والوں کی بات سن کر الکا نے بھی پرس غائب ہونے کی تحریر دی اور پولیس نے ان کی تحریر پر مہر لگاکر واپس کردی۔ وہیں علی گنج کے سیکٹر ڈی کی رہنے والی شویتا نرسنگ کی پڑھائی کررہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی شام تقریباً چار بجے مرکزی اسکول کے نزدیک موٹر سائیکل سوار دو بدمعاش شویتا کے ہاتھ سے اس کا پرس چھین لے گئے۔ پرس میں ایک ہزار روپئے نقد اور کچھ سامان رکھا ہوا تھا۔ علی گنج پولیس نے شویتا سے ہوئی لوٹ کے معاملہ میں رپورٹ درج کر لی ہے۔