بالی وڈ کی اداکارہ دپیکا پاڈوکون اپنی نئی فلم ’فائنڈنگ فینی‘ کے حوالے سے سینسر بورڈ کے رویے سے کافی حیران ہیں۔دراصل فلم میں دپیکا کا ایک ڈائیلاگ ہے: ’آئی ایم ورجن‘ یعنی میں کنواری ہوں۔ اس پر بھارتی سینسر بورڈ کواعتراض تھا اور اسے ابتدا میں فلم سے ہٹانے کے لیے کہا گیا تھا۔اس مسئلے پر بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں دپیکا پاڈو کون نے کہا: ’میں اس بات پر حیران ہوں کہ پرومو میں تو اس ڈائیلاگ پر کوئی اعتراض نہیں تھا لیکن پھر فلم سے اسے ہٹانے کو کہہ دیا گیا۔ یہ رویہ میری سمجھ سے باہر ہے۔‘لیکن دپیکا اب اس بات سے خوش ہیں کہ فلم سے مکالمہ ہٹایا نہیں گیا اور اعتراض کے باوجود وہ موجود ہے۔دپیکا کہتی ہیں: ’میں میڈیا کی شکرگزار ہوں جس نے اس معاملے میں بار بار سوال پوچھ کر آگہی پیدا کی۔ بالآخر سینسر بورڈ کی سمجھ میں آیا کہ اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے۔‘فلم ’فائنڈنگ فینی‘ میں انھوں نے پنکج کپور، نصیر الدین شاہ اور ڈمپل کپاڈیہ جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ انھوں نے کہا: ’میں ان فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے
تجربے کو یادگار مانتی ہوں۔‘اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ کے ساتھ اس سے پہلے وہ فلم ’ کاک ٹیل‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔ان کے بارے میں دپیکا کہتی ہیں: ’ڈمپل جی میرا بہت خیال رکھتی ہیں۔ مجھے اکثر کھانے پر بلاتی رہتی ہیں۔‘دپیکا کہتی ہیں: ’ڈمپل کی زندگی میں اتنا کچھ گزر چکا ہے اس کے باوجود وہ بے حد مضبوط خاتون ہیں۔ ان سے زندگی گزارنے کی ترغیب ملتی ہے۔‘فلم ’فائنڈگ فینی‘ کے ڈائریکٹر ہومی ادجانٓا ہیں اور اس میں ہیروئین دپیکا پاڈوکون کے ہیرو ارجن کپور کے ساتھ نیم عریاں کپڑوں میں کچھ مناظر بھی ہیں۔دپیکا اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ اس طرح کی فلم کے لیے ’بولڈنیس‘ ضروری ہوتی ہے۔