لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ مشرقی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کی تشہیر کے آخری دن بی جے پی نے اپنی پوری طاقت جھونک دی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی، فیض آباد کے رکن پارلیمنٹ للو سنگھ، رکن راجیہ سبھا کسم رائے،میئر ڈاکٹر دنیش شرما سمیت بی جے پی کے تمام چھوٹے بڑے کارکنان انتخابی تشہیر میں اترے اور بی جے پی امیدوار آشوتوش ٹنڈن عرف گوپال جی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ گوپال ٹنڈن نے عوامی رابطہ میں رائے دہندگان سے درخواست کی کہ وہ ووٹنگ ضرور کریں اور ایک بھی شخص ووٹنگ سے محروم نہ رہے۔ لکھنؤ مشرقی اسمبلی حلقہ میں تقریباً دودرجن مقامات پر روڈ شو کا استقبال ہوا۔ یووا مورچہ کے نوجوانوں کی موٹر سائیکلیں، مہیلا مورچہ، اقلیتی مورچہ کے ساتھ بی جے پی کے سبھی سیلوں نے روڈ شوکو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ روڈ شو مشرقی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب مہا نگر واقع دفتر سے دوپہر میں شروع ہوا۔ روڈ شو چھنی لال چوراہے سے ہوتا ہوا وائر لیس چوراہا، رحیم نگر چوراہا ،وکاس نگر ، لیکھ راج پنا، رانی لکشمی بائی اسکول سیکٹر تین ، فریدی نگر، سائیں چوراہا، آمر پالی، کوکش نگر وغیرہ علاقوں سے ہوتا ہوا بھوت ناتھ واقع دفتر پر ختم ہوا۔