لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج کہاکہ ریاست کو اگر بینکوں کا ساتھ ملا تو مزید تیزی سے ترقی ہوگی۔ ریاستی حکومت ریاست میں بینکنگ کو فروغ دینے والے بینکوں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرائے گی۔ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں بینکوںکا بہت بڑا تعاون ہے۔ وزیر اعلیٰ آج یہاں اندرا گاندھی پرتشٹھان میں کینرا بینک امپلائز یونین کے۲۴ویں کانفرنس کو خطاب کر رہے تھے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ لکھنؤ اور اترپردیش میں ترقیات کے بہت سے اچھے کام ہو رہے ہیں۔ یہ بہت اچھا شہر ہے ۔ اترپردیش گیہوں، گنا، چینی، دودھ اور آلو کی پیداوار میں ملک میں سب سے آگے ہے۔ اترپردیش حکومت کی کوششوں سے گزشتہ دوبرسوں میں یہاں دوکروڑ کھاتے کھلے ہیں۔ ادھر ریاست میں نجی حلقہ میں بڑی تعداد میں انجینئرنگ کالج کھلے ہیں لیکن آہستہ آہستہ سیاسی پارٹیوں نے اپنے چینل بنا لئے ہیں اور ہماری و ریاست کی شبیہ کو خراب دکھا دیا۔ سیاسی مفاد کیلئے کچھ لوگوں نے اترپردیش کو بدنام کیا اور یہاں کے بارے میں خراب رائے بنا ڈالی۔ اس سے
قبل کینرا بینک کے صدر و مینیینگ ڈائریکٹر آر کے دوبے نے بینک ملازمین کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ آج بینک اگر اتنی اونچائیاں چھو رہا ہے تو اس کے پس پشت ملازمین کی محنت ہے۔