لکھنؤ(نامہ نگار)بنتھرا علاقہ میں رہنے والے ہر گووند کا قتل کسی اور نے نہیں بلکہ اس کی بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر کیا تھا۔ سروجنی نگر پولیس نے قتل کا راز فاش کرتے ہوئے ہر گووند کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کا عاشق فرار ہے۔ گھروالوںنے پہلے ہی مفرور ملزم پر شک ظاہر کرتے ہوئے قتل کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
سی او سروجنی نگر ہریندر کمار نے بتایا کہ ہر گووند کے قتل میں گھر والوں نے اناؤ کے سشیل باجپئی پر قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس نے جب تفتیش کی تو پتہ چلا کہ سشیل اور ہر گووند پہلے ایک ساتھ بلیو ڈرافٹ نام کی کوریئر کمپنی میں کام کرتے تھے۔ کچھ دن قبل ہر گووند نے کوریئر کمپنی کی ملازمت چھوڑ د ی تھی۔ ملازمت کے دوران ہی ہر گووند نے سشیل کو اپنی بیوی کا موبائل نمبر بھی دیا تھا۔ اکثر ہر گووند کے تاخیر سے گھر پہنچنے پر اس کی بیوی سیتا سشیل کو فون کرتی تھی۔ ا
سی دوران سشیل کی ہرگووند کے گھر آمدورفت بھی ہو گئی۔ سشیل اور سیتا کے درمیان نزدیکیاں بڑھتی گئیں اور دونوں کے درمیان محبت ہو گئی۔ تقریباً ۲۵دن قبل ہی سشیل کی بیوی کی موت ہو گئی اس کے بعد سشیل نے سیتا کے ساتھ مل کر ہر گووند کے قتل کی سازش رچی۔
منصوبہ کے مطابق منگل کی شام سیتا نے شوہر ہرگووند کو پپر سنڈ ریلوے اسٹیشن اپنی بہن کو لینے کے بہانے سے بھیج دیا اور فون پر اپنے عاشق سشیل کو بھی بتادیا۔ پپر سنڈ اسٹیشن پر ہر گووند کی ملاقات سشیل سے ہوئی اس کے بعد سشیل نے ہر گووند کو شراب پلائی۔ ہرگووند جب نشے میں بدمست ہو گیا تو سشیل اس کو جنگل کی طرف موٹرسائیکل سے لے کر پہنچا اور پھر پیٹ پیٹ کر اس کا قتل کر دیا۔ قتل کے بعد ملزم سشیل اس کی موٹرسائیکل اور موبائل فون لے کر فرار ہو گیا۔ اس کا پتہ چلنے کے بعد آج صبح سروجنی نگر پولیس نے ہر گووند کی بیوی سیتا کو گرفتار کر لیا۔ وہیں قتل کا اصل ملزم سشیل فرار ہے اور سروجنی نگرپولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔