جے پور: بالی ووڈ اداکار سونم کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم ’’خوبصورت‘‘ کی پروموشن کے لیے پاکستان آنا پسند کریں گی۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ’’خوبصورت‘‘ جس میں پاکستانی اداکار فواد خان مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، 19 ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور اس وقت سونم اور فواد اس کی پروموشن کے لیے جے پور میں موجود ہیں۔ سونم نے کہا میں پاکستان جانا پسند کروں گی کیونکہ میں وہاں شاپنگ کرنا چاہتی ہوں، اس کے ساتھ ساتھ میرے دو بہترین دوست پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور میرے والدین کے آبائی گھر بھی وہاں ہی موجود ہیں، میں انھیں دیکھنا چاہتی ہوں۔سونم کے دادا شلیندر کپور ایک فلم پروڈیوسر تھے اور ان کی پیدائش پشاور میں ہوئی تھی جو کئی بالی ووڈ لیجنڈ کی آبائی سرزمین ہے۔ سونم نے کہا کہ مصروف شوٹنگ شیڈ
ول کی بناء پر وہ پاکستان نہیں آسکیں گی تاہم وہ سال کے آخر تک وہاں جانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے سونم نے کہا کہ میرا کردار ایک چلبلی لڑکی کا ہے، آج کی لڑکیاں کسی سے کم نہیں، وہ بے باک، صاف گو اور جو دل میں آتا ہے بولتی ہیں اور ملی بالکل ایسی ہی ہے۔قبل ازیں اداکار سونم کپور کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے ایک اداکار کے طور پر سنجیدگی سے نہیں لیتے۔
اپنے ایک انٹرویو میں سونم کپور کا کہنا ہے کہ لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ میں ایک اداکارہ ہوں، مجھے سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا، میرا لباس اور میری ہر معاملے میں رائے دینے کی عادت میری پرفارمنس کو چھپا دیتے ہیں لیکن میں یہ دونوں چیزیں تبدیل نہیں کر سکتی کیونکہ یہ دونوں میری زندگی کا لازمی جزو ہیں۔ پاکستانی اداکار فواد خان اور سونم کپور کی فلم ’’خوبصورت‘‘ کے پہلے ڈائیلاگ پروموز کی وڈیو ریلیز کردی گئی ہے۔ان ڈائیلاگ پروموزمیں پرنس فواد خان اور شریرسونم کپور کو آپس میں جملہ بازی کرتے دکھایا گیا ہے۔ یہ رومانٹک کامیڈی فلم 1980ء میں بننے والی فلم ’’خوبصورت‘‘ کا ری میک ہے جس میں اداکارہ ریکھا، راکیش روشن اور اشوک کمار نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جب کہ ری میک میں راکیش روشن، ریکھا کے کردار فواد خان اور سونم کپور نبھا رہے ہیں۔ یہ فلم 19 ستمبر کو عام نمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا۔پاکستانی اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ عورتیں کسی طرح سے بھی مردوں سے کم نہیں ہیں اور ہر مرد کی کامیابیوں کے پیچھے عورت کا ہی ہاتھ ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود ہماری سوسائٹی میں عورت کی تضحیک کی جاتی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان کا کہنا تھا کہ عورت مرد کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور اسے اس بات کا سہرا دینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عورتیں نہ صرف اپنا پروفیشنل کردار بہت احسن طریقے سے ادا کرتیں ہیں بلکہ وہ مردوں کی زندگی میں ہونے والی تمام چیزوں کی خالق ہیں، کوئی بھی ان کی طاقت اور ہمت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔واضح رہے کہ فواد خان بالی ووڈ میں اپنی ڈیبیو فلم ’’خوبصورت‘‘ میں سونم کپور کے ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں اور ان کی فلم 19 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔