کانپور(نامہ نگار)مانسون کے آخری مرحلہ میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں سے رک رک کر ہورہی بارش سے کانپور اوراس کے آس پاس کے علاقوںمیں جان ومال کا بہت نقصان ہوا۔دیہی علاقوں میں چارلوگوں کی موت ہوگئی اورایک درجن جانورآسمانی بجلی گرنے سے مرگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح تک ۳۰ملی میٹرسے زائدبارش ریکارڈ کی گئی ہے بارش کاسلسلہ کچھ دنوں تک یوں ہی رک رک کر جاری رہے گا۔شہر کے اے ڈی ایم اوناش سنگھ نے بتایاکہ آج صبح شہر کے چمن گنج علاقہ میں ایک مکان گرنے کی اطلاع ملی ہے۔اس حادثے میں کسی کے مرنے یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔انھوں نے بتایاکہ کل شام دیہی گھاٹم پور علاقہ کے دوگائوں میں بجلی گرنے سے چارلوگوں کی موت ہوگئی۔رائے پور گائوں سے نند رام پال(۳۰)سجیتی کے انویہ گائوں میں رام دھار پرجہ پتی (۶۶)راجیش (۲۸) اورنرول کے بارہ دھاری گائوں کے وجے پال(۴۵)کی موت بجلی گرنے سے ہوگئی۔ان میں سے تین لوگ مویشی چرارہے تھے جب کہ وجے پال کھیت کی جوتائی کررہاتھا۔اس
کے علاوہ الگ الگ گائوں میں ایک درجن سے زائد جانوروں کی بھی موت کی خبر ہے۔کئی گائوں سے مکان گرنے کی بھی خبریں آرہی ہیں۔