لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی نے انتخابی کمیشن سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت بی جے پی کے ان تمام رکن پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو ضابطہ اخلاق کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کرتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے آج جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی حرکتیں نظم و نسق کے خلاف ہیں۔ گورکھپور کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ اور کچھ بی جے پی لیڈروں
کو جمہوریت ، الیکشن کمیشن اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی کوئی پرواہ نہیں ہے، وہ من مانی کرنے کیلئے مجبور ہیں۔ ان کا اپنی زبان پر بھی قابو نہیں ہے۔ سماج وادی ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے کہاکہ بی جے پی لیڈران عوامی نمائندگی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جس طرح کا برتاؤ کر رہے ہیں الیکشن کمیشن کو اس پر فوری سخت کارروائی کرنی چاہئے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے بعد محض نوٹس دینے سے نہ تو آزاد اور غیر جانبدار انتخابات ہو سکیں گے اور نہ ہی قانون کا تحفظ ہو سکے گا۔ یہ تو جمہوریت کو چیلنج ہے۔ بی جے پی کے عوام مخالف کاموں میں ملوث اور سیاسی حدود کی عمل آوری نہ کرنے والوںکو مستقبل میں الیکشن لڑنے سے محروم کرنے کا بھی جمہوریت نظام قائم کیاجانا صحتمند جمہوریت کیلئے لازمی ہے۔ مسٹر چودھری نے کہاکہ سماج وادی پارٹی حکومت اور وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی بڑھتی مقبولیت سے بی جے پی کو اپنی دال رائے دہندگان کے درمیان گلتی نہیں دکھ رہی ہے ۔اس کا فرقہ پرستی کا کارڈ بھی سماج وادی پارٹی کے سامنے نہیں چل پا رہا ہے۔ سماج وادی پارٹی سماج کے ہر طبقہ کوساتھ لیکر چلنے اور غیر جانبدارانہ کاموںکیلئے سنجیدہ ہے۔