لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ تالکٹورہ کے مراؤ ٹولہ میں دو شنبہ کی شب ایک شادی شدہ خاتون نے خود پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگا لی تھی۔ بیوی کو آگ کے شعلوں میں گھرا دیکھ کر شوہر نے اسے بچانے کی کوشش کی جس میں معمولی طور پر وہ بھی جھلس گیا تھا۔ پڑوسیوں نے دونوں کو سول اسپتال میں داخل کرایا تھا جہاں جمعہ کی صبح پریتی ورما (۳۳) نے دم توڑ دیا۔ بتایاجا رہا ہے کہ پریتی کا شوہر نشہ کا عادی ہے۔ پڑوسیوں کے مطابق روزانہ شراب پی کر آتا تھا اور کسی نہ کسی بہانے پریتی سے جھگڑا اور مار پیٹ کرتا تھا۔ روزانہ کے جھگڑے سے تنگ آکر پریتی نے اپنی جان دینی چاہی تھی۔ پریتی کے اہل خانہ نے ملزم نمن پر قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ پریتی کی موت کے بعد سے اس کے اہل خانہ کافی غمزدہ ہیں انہیں ہر لمحہ اپنی بیٹی کی یاد ستارہی ہے۔