ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے خلاف مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے ایک شہری محمد عاصم محمد عارف نے سلمان خان کیخلاف مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کیخلاف درخواست دائر کی تھی، درخواست گزار کا موقف تھا کہ سلمان خان نے اپنے فلاحی ادارے ‘بینگ ہیومن’ کی تشہیر کیلئے ایک فیشن شو منعقد کیا تھا جس میں ایک ماڈل نے ایسی شرٹ پہن کر واک کی تھی جس پر عربی میں کچھ ایسے الفاظ لکھے ہوئے تھے جو مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف تھے۔ ممبئی پولیس نے کہا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار کیخلاف قانون کی سیکشن 295 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے مطابق کسی بھی مذہب، دین یا فرقے کے ماننے والوں کے جذبات کو جان بوجھ کر مجروح کرنا یا ایسا کوئی اقدام اٹھانا جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ پولیس حکام نے کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے ثبوت کے طور پر ایک ویڈیو بھی فراہم کی گئی ہے، واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔