لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ تمام کارکنان کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم سب متحد ہوکر ریاست کے عوام کے دکھ درد کو سمجھیں اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں۔ عوامی مسائل کے بارے میں پینی نظر رکھنی ہوگی۔ مذکورہ خیالات اتوار کو راشٹریہ لوک دل کے ریاستی صدر منا سنگھ چوہان نے کارکنان کے منعقد جلسہ میں ظاہر کئے۔ پارٹی صدر پر دفتر پر منعقد جلسہ کی صدارت کر رہے ریاستی صدر منا سنگھ چوہان نے کارکنان کو ہنر سکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں گنا تحریک کی لڑائی صرف راشٹریہ لوک دل نے لڑی اور کسانوں کو ان کا حق دلانے کیلئے سڑک سے لیکر پارلیمنٹ تک ان کی آواز کو بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کا حق دلانے کیلئے ہمارے رہنما چودھری اجیت سنگھ نے جہدو جہد کی۔ اس سے قبل جلسہ میں موجود مرکزی جنرل سکریٹری ترلوک تیاگی نے کہاکہ تنظیم کو مضبوط بنانا ہوگا اور سب کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا۔ ہمیں بلاک سطح سے لیکر ضلع سطح تک تنظیم کو مضبوط بانا ہوگا۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ تنظیم چلانے کیلئے جدو جہد اور وقت دونوں کی ضرورت ہے تبھی تنظیم میں تیزی آئے گی۔ زبردست بجلی بحران، خشک سالی اور گنے کے مسائل کیلئے پوری ریاست میں ضلع سطح پر دھرنا و مظاہرہ کر کے ریاستی حکومت
کو گھیرنا ہوگا۔ بی جے پی نے مظفرنگر سے لیکر پوری ریاست میں فرقہ پرستی کا زہر گھول دیا۔ ریاست کی حالت ٹھیک کرنے کیلئے ہم سب کو راشٹریہ لوک دل کی تنظیم کو مضبوط بنانا ہوگا اور جینت چودھری کے ہاتھوںکو مضبوط کرنا ہوگا۔انہوں نے پارٹی کے منعقد جلسہ میں فیصلہ کیا کہ جلد ہی کسانوں کے مسائل کے تصفیہ کیلئے جلد ہی ہر ضلع میں مظاہرہ کر کے سو رہی حکومت کو بیدار کرنے کا کام کیا جائے گا۔ گنا کسانوں کے مفاد کو دیکھتے ہوئے خشک سالی سے بدحال ریاست کو خشک سالی کا اعلان کرانے، بجلی فراہمی یقینی کرانے اور نوجوانوں، آزاد و دیگر عوامی مسائل کو لیکر مرحلہ وار تحریک چلائی جائے گی۔ اس سے قبل جلسہ میں پارٹی کے کئی مقررین نے اپنے خیالات ظاہر کئے۔ جلسہ کی نطامت ریاستی جنرل سکریٹری حاجی وسیم حیدر نے کی۔ جلسہ میں مرکزی سکریٹری انل دوبے، رکن اسمبلی ویر پال راٹھی، بھگوتی پرساد سوریہ ونشی، سابق وزیر سچدانند گپت وغیرہ سیکڑوں عہدیدارا ن موجود تھے۔