لکھنؤ(نامہ نگار)ریجنل دیہی بینک میں تھرڈ گریڈ بھرتی کا امتحان دے رہے ایک منا بھائی کو امتحان انچارج نے پکڑ لیا۔ جب اس کے دستاویز کی جانچ کی گئی تو پتہ چلاکہ وہ ایک امیدوار کی جگہ امتحان دے رہا تھا۔ ملزم کو موہن لال گنج پولیس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ انسپکٹر موہن لال گنج سنتوش سنگھ نے بتایا کہ موہن لال گنج کے ہری کنش گڑھی میں واقع گلوبل انسٹی ٹیوٹ میں ریجنل دیہی بینک (گرامین بینک)میں آج صبح بھرتی امتحان کا انعقاد کیا گیا تھا۔ امتحان کے دوران انچارج پربھات سنگھ کو ایک نوجوان پر شک ہوا انہوں نے جب اس کے دستاویز کی جانچ کی توپتہ چلا کہ وہ حسن گنج کے کھدرا میں رہنے والے امیدوار سفیان کی جگہ امتحان دے رہا تھا پوچھ گچھ میں ملزم نے اپنا نام فیض آباد کا دھرو پٹیل بتایا۔
دھرو نے اودھ یونیورسٹی سے بی ایس سی کی تعلیم حاصل کی ہے اس نے بتایا کہ امیدوار سفیان کا بھائی محفوظ اس کا دوست ہے اور اس کے کہنے پر ہی وہ سفیان کی جگہ پر امتحان دے رہا تھا۔ اس کے بعد امتحان انچارج نے موہن لال گنج پولیس کو اطلاع دی موقع پر پہنچی موہن لال گنج پولیس نے ملزم کو گرفتار کر تے ہوئے اس کے خلاف رپورٹ بھی درج کر لی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حضرت گنج اور موہن لال گنج میں بینک امتحان کے دوران دوسرے کی جگہ امتحان دیتے ہوئے کئی منا بھائیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔