لاہور۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس بڑے کھلاڑی نہ سہی لیکن ہم نے بڑی ٹیموں کو ہرایا ہے۔ اس لئے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کسی بھی وقت کچھ بھی کرسکتی ہے۔مینار پاکستان پر ورلڈ کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کسی بھی کرکٹر کیلئے ورلڈ کپ کھیلنا بہت اہم ہوتا ہے اس لئے وہ بھی بہت پرجوش ہیں۔ عمران خان نے ہمیشہ کھلاڑیوں کی رہنمائی کی ہے جو ان کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوئی ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم ورلڈ کپ کے لئے روانہ ہونے سے پہلے ان سے ملاقات کریں اور ان کے تجربے سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ آسٹریلیا اور نیوز لینڈ کے موسم اور پچز کی وجہ سے ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیاں ہوسکتی ہیں تاہم پی سی بی اور ٹیم منیجمنٹ جانتی ہے کہ و
رلڈ کپ اسکواڈ میں کون سے کھلاڑی شامل ہوں گے۔مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم میں عروج و زوال آتے رہتے ہیں، وہ مانتے ہیں کہ ٹیم نے اپنی گزشتہ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ اسی ٹیم نے اچھی کارکردگی بھی پیش کی ہے، اسی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو اسی کے میدان میں ہرایا ہے۔ ورلڈ کپ سے پہلے ہم 2 ممالک کے خلاف سیریز کھیلیں گے جس میں ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیم ایک مرتبہ پھر جیت کے سفر پر گامزن ہوجائے۔ ٹیم میں ایسے بالرز اور آل راؤنڈرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت ٹیم کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ کھلاڑی صحیح وقت پر کس طرح اپنی صلاحیتوں کو منواتے ہیں۔ ہمارے پاس وسیم اکرم، عاقب جاوید، مشتاق احمد، عمران خان اور جاوید میانداد جیسے کھلاڑی نہیں لیکن اگر ہم ماضی میں دیکھیں تو قومی ٹیم نے بڑے بڑے حیران کن کارنامے سرانجام دیئے ہیں، ہمیں صحیح وقت پر کھلاڑیوں کو اسی قسم کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔قومی ٹیم کے قائد نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں کوئی بھی ٹیم فیوریٹ نہیں، کامیابی اسی ٹیم کے قدم چومتی ہے جو صحیح وقت پر کارکردگی دکھائے کیونکہ ناک آؤٹ مرحلے پر پہنچنے کے بعد کئی عوامل کسی بھی ٹیم کو اگلے مرحلے میں لے جانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس وقت کوئی بھی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں حیران کردینے کی صلاحیت موجود ہے، نوجوان لڑکے کسی بھی وقت کچھ بھی کرسکتے ہیں