لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مہا نگر پولیس نے لوگوں کے ساتھ کروڑوں کی ٹھگی کرنے والی ایک کمپنی کے ایجنٹ کو ایک کار کے ساتھ گرفتار کیا۔ کار پر ملزم نے فرضی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کار اس کو کمپنی نے بطور انعام دی تھی لیکن رجسٹریشن نہیں کرایا تھا۔ انسپکٹر مہا نگر ناگیندر چوبے نے بتایا کہ آج رحیم نگر چوراہے کے نزدیک چیکنگ کے دوران انڈیگو کار (یو پی ۳۲ ای بی ۶۱۷۴) کو شک کی بنیاد پر روک کر چیک کیا گیا۔ کار ڈرائیور ٹھاکر گنج کے رہنے والے انکت سے جب گاڑی کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی تو پتہ چلا کہ کار پر پڑانمبر فرضی ہے۔ پوچھ گچھ میں انکت نے بتایا کہ وہ انڈیگو کار پر اپنے ایک دوست کی ایلٹو کار کا رجسٹریشن نمبر استعمال کر کے چلا رہا تھا۔ انکت نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ وہ پہلے وی کیئر کمپنی میں ایجنٹ کا کام کرتا تھا۔
جون ۲۰۱۲ء میں وی کیئر کمپنی کے منیجر پی پی سنگھ کے خلاف کرشنا نگر میں جعلسازی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ کمپنی کی طرف سے ہی ۵۰۰ گاڑیاں خریدی گئی تھیں ان میں سے ۸۶ گاڑیوں کا رجسٹریشن نہیں ہوا تھا۔ برآمد کار بھی انہیں ایک کار میں سے ہے۔