لکھنؤ(نامہ نگار) راجدھانی پولیس کی حراست سے جنوری ماہ میں فرار ہوئے معاذ قتل واردات کے شوٹر اجیت یادو عرف بنٹی کو ایس ٹی ایف نے آج صبح غازی پور ضلع سے تصادم کے دوران گرفتار کرلیا۔ بنٹی کے ساتھ اس کا ایک ساتھی بھی پکڑاگیا ہے۔ ان کے قبضے سے کاربائن ، پستول ، طمنچہ ، موبائل فون ،نقد رقم ،زیورات اور ایک کار برآمد ہوئی ہے۔ بنٹی پروانچل کے اضلاع کے ڈاکٹروں ، تاجروں اور سیاسی لیڈروں سے رنگداری
کا مطالبہ کررہا تھا۔ ڈی جی پی نے ایس ٹی ایف ٹیم کو پچیس ہزار روپئے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
ایس ٹی ایف سے موصول اطلاع کے مطابق انتیس مئی کو اندرا نگر میں رہنے والے گیارہ سالہ معصوم معاذ کا گولی مار کر قتل کردیاگیا تھا۔ اس واردات کو اندرا نگر پولیس نے نو جون کو راز فاش کرتے ہوئے کرائم برانچ میں تعینات انسپکٹر سنجے رائے کو قتل کی سازش تیار کرنے والا ثابت کیا تھا۔ قتل کیلئے سنجے رائے نے غازی پور کے رہنے والے شوٹر اجیت یادو عرف بنٹی سے مدد لی تھی۔ بنٹی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر معاذ کا قتل کردیا تھا۔ اس معاملے میں انسپکٹر سنجے رائے ، بنٹی سمیت کئی لوگوں کو جیل بھی جانا پڑا تھا۔ ملزم بنٹی گذشتہ ۲۳جنوری کو بلیا سے پیشی سے واپسی کے وقت پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا تھا۔ اس معاملے میں جی آر پی غازی پور میں رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی۔ بنٹی کے فرار ہونے کے بعد راجدھانی پولیس نے اس کی گرفتاری کی بہت کوشش کی۔ لیکن وہ گرفت میں نہیں آسکا۔ بنٹی کی گرفتاری کیلئے ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم کو لگایاگیاتھا۔ تفتیش کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ ملزم بنٹی پروانچل اضلاع میں رہنے والے ڈاکٹروں ، تاجروں اور سیاسی پارٹی کے لوگوں سے رنگداری کا مطالبہ کررہا ہے۔ اس کے بعد ایس ٹی ایف کی ٹیم سرویلانس کے ذریعے بنٹی کی تلاش میں لگ گئی۔ تفتیش کے دوران ایس ٹی ایف کو پتہ چلا کہ بنٹی اکثر وارانسی اور غازی پور اضلاع میں آتا جاتا رہتا ہے۔ سرویلانس کی مدد سے ایس ٹی ایف کو پتہ چلا کہ بنٹی اپنے ایک ساتھی کے ساتھ غازی پور میں بدھ کی صبح آنے والا ہے اس پر ایس ٹی ایف نے گائوں پہنچ کر اس کی گھیرا بندی کردی۔ صبح تقریباً آٹھ بجے ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم نے انڈیگو کار میں سوار بنٹی اور اس کے ایک ساتھی کو دیکھا پولیس ٹیم نے جب اس کو پکڑنے کی کوشش کی تو کار سوار بنٹی اور اس کے ساتھی نے پولیس پرفائرنگ کردی۔ پولیس نے بھی گھیرا بندی کرتے ہوئے ملزم بنٹی اور اس کے ساتھی غازی پور کے مونیب چوہان کو گرفت میں لے لیا۔ پوچھ گچھ میں اجیت عرف بنٹی یادو نے بتایا کہ اس نے گورکھپور کے مشہور ڈاکٹر آنند جیسوال اور چرگائو کے بلاگ پرمکھ مہندر پال سنگھ اور مردہہ کی بلاک پرمکھ کے شوہر وجئے یادو سے اس نے رنگداری کا مطالبہ کیا تھا۔ ملزم اجیت کے خلاف دو درجن مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ ڈی جی پی نے ایس ٹی ایف کی ٹیم کو پچیس ہزار روپئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔