ممبئی: فلم کوئین میں اپنی پرفارمنس سے مداحوں کے دل جیتنے والی اداکارہ کنگنا رناوت نے اب ہدایتکاری کے میدان بھی قدم رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔کنگنا جو کچھ عرصہ قبل نیویارک فلم اکیڈمی میں اسکرین پلے رائٹنگ کا دو ماہ کورس مکمل کرکے واپس آئی ہیں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتیں اور حال ہی میں شارٹ فلم ’’دی ٹچ ‘‘ کو پروڈیوس کرنے کے علاوہ اس کی ہدایات بھی دے چکی ہیں اب انھوں نے لم ’’چک فلک‘‘ بنانے کا ارادہ کرلیا ہے۔اس سلسلہ میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ لوگوں کو توقع ہے کہ میں اپنی آنیوالی فلموں میں انھیں مختلف کام کرتی ہوئی نظر آؤں اس لیے میں خواتین پر گھومتی ایک رومانوی کامیڈی فلم پر کام کررہی ہوں جسے میں ہالی ووڈ کی فلموں ’’دی نوٹ بک ‘‘، بریجٹ جونز ڈائری اور دی ڈیول وئیرز پرادا‘‘ جیسی یادگار فلم بنانا چاہتی ہوں اور اس کے لیے مناسب وقت کا انتظار کررہی ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس فلم کی تیاری کے دوران میں نئے تجربات کرنے کے بجائے اپنی زندگی کوسامنے رکھوں گی۔اطلاعات کے مطابق کنگنا رناوت جو اس وقت بالی ووڈ ہدایتکار آنند رائے کی فلم ’’تنو ویڈزمنو 2‘‘ میں مرکزی کردار اداکررہی ہیں نے اپنے کردار کو بہتر طریقے سے نبھانے کے لیے ہریانوی زبان سیکھنا شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ کنگنا ان دنوں تین مذید فلموں ریما کاتگی کی فلم میں سیف علی خان کے ساتھ جب کہ نکھل ایڈوانی کی ہدایات میں بنائی جانیوالی کٹی بٹی میں عمران خان کے مدمقابل کام کررہی ہیں جب کہ سائی کبیر کی فلم ڈیوائن لورز میں عرفان خان کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ددوسری جانب بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت فلم کوئین کی کامیابی کے بعد شہرت کی بلندیوں کو چھو رہی ہیں اور ان پر فلموں کی برسات ہورہی ہے۔
اسی وجہ سے وہ کسی بھی فلم کو منتخب کرنے سے قبل اس میں اپنے کردار اور اسکرپٹ کے حوالے سے بہت محتاط ہوگئیں ہیں کو حال ہی میں ایک بھارت اور فرانس کی مشترکہ فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے جب کہ اسے گزشتہ دنوں ایک اطالوی فلم میں اداکار میسی میلانوگالو (Massimiliano Gall) کے ساتھ بھی مرکزی کردار کی پیش کش کی گئی تھی مگر اب اطلاعات ہیں کہ کنگنا رناوت نے اطالوی فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اداکارہ کو ہدایتکار ایڈورڈ ڈی انجلیس (Edoardo De Angelis) نے اس فلم کی پیشکش امریکا میں اسکرین پلے رائٹنگ اور فلمسازی کے کورسس کے دوران کی تھی جس پر کنگنا نے کہا تھا کہ وہ ممبئی پہنچ کر فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گی۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل کنگنا رناوت کہہ چکی ہیں کہ انھیں فلم کا اسکرپٹ بہت پسند آیا ہے اور ہو میسمیلانو کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہیں مگر ابھی بھارت میں اپنی دوسری فلموں کی وجہ سے اس میں کام کرنے کی حامی نہیں بھری ہے مگر اب اطلاعات ہیں کہ انھوں نے حتمی طور پر اس فلم میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلہ میں کنگنا کا کہنا ہے کہ اطالوی فلم کی شوٹنگ اگلے دو ماہ کے دوران شروع ہورہی ہے جب کہ میں خود ان دنوں 6 فلموں کی شوٹنگز میں مصروف ہوں اور ان میں مجھے اپنا کام دوسال کے دوران مکمل کروانا ہے اس لیے میرے پاس 2016 کے آغاز تک کسی بھی فلم کو قبول کرنے کا کوئی وقت نہیں ہے۔