لکھنؤ(نامہ نگار)چیف سکریٹری آلوک رنجن نے آج کہا کہ ریاست کے ترقیاتی کاموں میں انجینئروں کا اہم کردار ہے انجینئروں کی ذمہ داری ہے کہ ان کے ذریعہ کرائے جانے والے تعمیراتی کاموں کو معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کرایا جائے۔ ان کی نگرانی میں کرائے جانے والے تعمیراتی کاموں کا معیار عام لوگوں کو بھی نظر آنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سڑک تعمیر کے کاموں کے پرانے ڈھانچے میں تبدیلی لانے کیلئے ضرورت کے مطابق منظوری حاصل کی جائے اور سڑکیں بہتر طریقے سے تعمیر کی جائیں۔ انہوںنے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں استعمال کی جانے والی اشیاء اعلیٰ معیار کی ہواور اس کا بہتر استعمال یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ بورڈ کے انجینئر عام شہریوں کو مکان جیسی بنیادی سہولتیں ہی نہیں فراہم کراتے بلکہ ہزاروں ایکڑ رقبے میں ٹاؤن شپ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
چیف سکریٹری آج ہاؤسنگ بورڈ میںمرکزی سڑک تحقیقی ادارہ نئی دہلی کی جانب سے منعقد دوروزہ ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری سڑکیں جہاں ایک طرف ٹریفک کی آمدورفت کو آسان بناتی ہیں وہیں ریاست کی ترقی میںبھی اپنا اہم تعاون دیتی ہیں۔
شاہراہیں ترقی کا پیمانہ ہوا کرتی ہیں۔ معیار کے مطابق سڑک تعمیر میں جدید تکنیک سے ہم ترقی کی بلندیوں تک پہنچ سکیںگے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک تعمیر میں معیار اور مقررہ وقت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہمیشہ رہتی ہے اس لئے سڑک تعمیر میں مسلسل جدید تکنیک کا استعمال کیا جانا چاہئے۔
ہاؤسنگ کمشنر شہاب الدین محمد نے کہا کہ بورڈ کے انجینئر اپنی اسکیموں میں شاہراہوں کی تعمیر میں تربیت سے حاصل علم کا استعمال کرتے ہیں تو اس کا فائدہ عام آدمی کو حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئی مشینری کے ذریعہ سڑک تعمیر کرائے جانے کیلئے بورڈ کے سبھی انجینئروں کوماہر بنانے کیلئے تجربہ کار ماہرین کے ذریعہ تربیت دلائے جانے کی ضرورت ہے۔