تہران، 20 ستمبر (یو این آئی) ایران میں فیرل ولیمز کے ہٹ گانے “ہیپی” پر رقص کا ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کی پاداش میں یہاں کے سات نوجوانوں کو نہ صرف چھ ماہ سے ایک سال تک قید بلکہ 91 کوڑے لگانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
ان نوجوانوں نے رقص کے ویڈیو کو اسمارٹ فون پر ریکارڈ کرکے کئی بار یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیا تھا۔ اس ویڈیو میں تین عورتیں بغیر نقاب کی ہیں جو تین نوجوانوں کے ساتھ ایک کمرے میں چھت پر اور گلی میں رقص کرتی نظر آ رہی ہیں۔ سوشل نٹ ورکنگ سائٹ یو ٹیوب پر اس ویڈیو کلپنگ کو لاکھوں لوگوں نے بہت بار دیکھا۔
گزشتہ مئی میں اس معاملے میں پولیس نے ان تمام لوگوں کو گرفتار کیا تھا لیکن بعد میں سرکاری ٹیلی ویژن کے ذریعہ انکے اس عمل پر افسوس کا اظہار کرنے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
ایک وکیل نے کل بتایاکہ عدالت نے ان میں سے ایک عورت کو ویڈیو آن لائن کئے جانے کا قصوروار گردانتے ہوئے ایک سال کی قید اور 91 کوڑے لگانے کی سزا اور دیگر کو چھ ماہ کی قید اور 91 کوڑے لگانے کی سزا
دی ہے۔ حالانکہ عدالت نے سزا کو تین سال کے لئے ملتوی کردیا ہے۔
دوسری طرف امریکہ نے اس واقعہ پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق ملزمین کو دی گئی سزا قابل قبول نہیں ہے اور یہ ویڈیو میں شامل لوگوں کے اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ملزمین کی سزا کو نامناسب قرار دیا ہے۔