کاٹھمنڈو(وارتا) ہندوستان میں انفرااسٹرکچر سمیت مختلف میدانوںمیں کام کرنے والی معروف کمپنی جی ایم آر ۵ء۱؍ارب ڈالر کی لاگت سے نیپال میں ۹۰۰ میگاواٹ کا سب سے بڑا آبی توانائی پروجیکٹ لگائے گی۔ نیپال نے اس کیلئے ہندوستان کے ساتھ بجلی کاروباری معاہدہ کرنے کی توثیق کردی ہے۔ جنوبی ایشیا علاقائی تعاون تنظیم کے ایک اجلاس میں حصہ لینے آئے ہندوستان کی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں آج یہاں اس سلسلے کے ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ مسٹر سنگھ نے ایسے ہندوستان نیپال دونوں کیلئے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا نیپال میں جی ایم آر کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس سے ان کا ملک بہت خوش ہے۔اس موقع پر نیپال کے وزیر داخلہ بام دیو گوتم نے کہا کہ اس معاہدے سے نیپال کے وسائل کا استعمال کرکے ملک کے باشندوں کے مفاد اور مستقبل کے
منصوبوں کے لئے راہ ہموار ہوگی۔ جی ایم آر کے مطابق نیپال کے ساتھ ہو ئے معاہدے کے تحت کرنالی ندی پر ۵ء۱؍ارب ڈالر کے خرچ سے ۹۰۰سے میگاواٹ کا آبی توانائی پروجیکٹ قائم کرے گی۔ اس میں نیپال کی شراکت ۲۷ فیصد رہی گی۔ اس میں ۲۰۲۱ تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس پروجیکٹ کی بارہ فیصد بجلی نیپال کو مفت دی جائے گی اور بقیہ بجلی ہندوستان اور نیپال کو برآمد کی جائے گی۔ معاہدے کے تحت پیداوار شروع ہونے کے ۲۵ برس مکمل ہونے پر یہ پروجیکٹ نیپال کو مکمل طور پر منتقل کردیاجائے گا۔