ممبئی: بالی وڈ کی سری لنکن اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو ہندی فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار قرار دیدیا گیا۔ 29 سالہ اداکارہ کی لگاتار 5 فلمیں کامیاب ہوئی ہیں۔ سابق مس سری لنکا جیکولین نے ماڈلنگ میں کامیابی کے بعد فلم نگری کا رخ کیا۔ آغاز میں انہیں زیادہ کامیابی اور شہرت حاصل نہ ہوئی لیکن رواں سال سلمان خان کے ساتھ فلم کِک کی کامیابی نے انہیں مقبول ترین اداکارہ بنا دیا ہے۔جیکولین نے 2010 میں فلم ہائوس فل میں اداکاری کی، یہ ان کی پہلی کامیاب فلم تھی۔ اس کے بعد انہوں نے مرڈر 2، ہائوس فل 2، ریس 2، اور کِک میں اداکاری کی اور یہ تمام فلمیں بھی کامیاب ثابت ہوئیں۔ ان دنوں وہ فلم رائے میں اداکاری کر رہی ہیں۔ اس فلم میں ان کے مقابل رنبیر کپور اور ارجن رامپال اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ اس کے علاوہ وہ فلم بنگستان اور اکارڈنگ ٹو میتھیو میں بھی کام کر رہی ہیں۔ جیکولین کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم کِک بالی وڈ میں سب سے جلد 100 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ان کی مقبولیت کا گراف تیزی سے بلند ہوا اور وہ کترینہ کیف، دیپیکا پڈوکون اور کرینہ کپور سے بھی آگے دکھائی دیتی ہیں۔ خبروں کے مطابق اب فلمساز کرن جوہر انہیں اپنی اگلی فلم میں شامل کرنے جا رہے ہیں جس میں ان کے مقابل رتھک روشن کو مرکزی کردار کیلئے کاسٹ کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ بالی وڈ کے دیگر بڑے بینرز بھی انہیں اپنی فلموں کا حصہ بنانے کیلئے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔