لکھنؤ۔(نامہ نگار) چنہٹ علاقہ میں ماہی پروری تالاب کے ایک چوکیدار نے ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑ خانی کی اور مخالفت کرنے پر اس کو دھمکی دی ۔ لڑکی کی شکایت پر پولیس نے ملزم چوکیدار کو گرفتا ر کر لیا ہے ۔چنہٹ کے نوادا گاؤں کی رہنے والی ۱۶سالہ لڑکی اپنے والدین کے ساتھ رہتی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ اتوار کو وہ ایک کھیت میں مرچ توڑنے کے لئے جارہی تھی اسی درمیان وی آئی پی بھٹہ کے نزدیک مچھلی تالاب کا چوکیدار علی گنج کا رہنے والا عبدالمجید اس کے ساتھ چھیڑ خانی کرنے لگا ۔
لڑکی نے مخالفت کی تو ملزم نے اس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔ملزم کی حرکت دیکھ کر لڑکی نے مدد کے لئے شور مچا دیا ،شور ہوتے ہی ملزم چوکیدار وہاں سے فرار ہو گیا۔گھر پہنچ کر لڑکی نے واردات کے بارے میں اہل خانہ کو بتایا ۔پیر کی صبح لڑکی اپنی ماں کے ساتھ چنہٹ کوتوالی پہنچی اورملزم چوکیدار کے ساتھ چھیڑ خانی کی تحریر دی ۔پولیس نے لڑکی کی تحریر پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔