لکھنؤ(بیورو)۔ریاست کے گورنر رام نائک نے صحافیوں کے ہونہار بچوں کو اعزاز سے نوازتے ہوئے انھیں کتابی کیڑانہ بن کر ہر شعبے میں نام روشن کرنے کی تلقین کی ۔ گورنر نے ہائی اسکول اورانٹر کے ۱۴۔ ۲۰۱۳ء کے ۴۸بچوں کو توصیفی سند ، یادگاری نشان اور نقد رقم سے نوازا۔
یوپی پریس کلب میںمنعقد اعزازی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ مقررہ وقت پرامتحانات نتائج کااعلان نہ کرنے والی یونیورسٹیز پرناراضگی ظاہر کرتے ہوئے گورنر رام نائک نے کہا کہ اس سے تعلیمی ماحول آلودہ ہوتا ہے ۔ انھوںنے کہا کچھ یونیورسٹیز کی فائلیں راج بھون میں اور کچھ کی حکومت کے پاس زیر التواہیں۔ گورنر نے کہا کہ کچھ یونیورسٹیوںنے ابھی تک سبھی نتائج کااعلان نہیں کیاہے ۔ کچھ یونیورسٹیز میں ابھی تک داخلے کا عمل بھی مکمل نہیں ہو پایا ہے ۔ یہ سب ایک بہتر تعلیمی ماحول کیلئے مناسب نہیں ۔
گورنر رام نائک نے کہا کہ سابق صدر جمہوریہ عبدالکلام نے کہا تھا کہ خواب دیکھو لیکن دن میں تاکہ وہ پورے ہو سکیں۔یہی بات میں بچوں سے کہتا ہوں۔
انھوںنے کہا کہ مسکرانا، تعریف ، توہین نہ کرنا اور کام کو زیادہ اچھے طریقے سے کرنا اچھی خوبیوںمیں شامل ہوتا ہے جسے بچوں کواختیار کرناچاہئے ۔ اس سے قبل آئی ایف ڈبلو جے کے صدر کے وکرم رائو ،پریس کلب کے صدر رویندر کما رسنگھ اور سکریٹری جے پی تیواری نے گورنر کا خیر مقدم کیا۔ یوپی ڈبلو جے کے صدر حسیب صدیقی نے گورنر ودیگرمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔