لکھنؤ(نامہ نگار)مڑیاؤں علاقہ میں رہنے والے ایک ہوم گارڈ کی بیٹی نے آج صبح پھانسی لگا کر اپنی جان دے دی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے پڑھائی کے دباؤ میں آکر خود کشی کی ہے ۔مڑیاوں کے کیشو نگر چوکی انچارج نے بتایا کہ شیام وہار کالونی میں ہوم گارڈ رام چرتر اپنی بیوی اور پانچ بچوں کے ہمراہ رہتا ہے ۔ رام چرتر ہوم گارڈ ہے اور ساتھ ہی ٹمبر کی دکان بھی چلاتا ہے ، بتایا جاتا ہے کہ آ ج صبح اس کی ۱۴سالہ بیٹی انامکا عرف شیام گھر کی اوپری منزل پر بنے کمرہ میں پڑھائی کرنے کی بات کہہ کر چلی گئی ۔ انامکا کافی دیر تک کمرہ سے باہر نہیں
نکلی۔ اس کے بعد اہل خانہ والے اس کے کمرہ میں پہونچے تو تودیکھا کہ کمرہ کا دروازہ اندر سے بندہے ۔
اہل خانہ نے انامکا کو کافی آواز لگائی لیکن کوئی جواب نہیں ملا ۔ اس کے بعد ان لوگوں نے سیڑھی لگا کر اندر دیکھا تو انامکا کی لاش دروازہ میں دوپٹہ کے سہارے لٹک رہی تھی ۔ اہل خانہ نے کسی طرح دروازہ کھولا اور انامکا کی لاش نیچے اتاری لیکن تب تک اس کی موت ہو چکی تھی ۔ اطلاع پا کر موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کر کے انامکا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی ۹ویں جماعت کی طالبہ تھی ۔ اندیشہ ہے کہ اس نے پڑھائی کے دباؤ میں آکر خودکشی کی ہے۔