لکھنؤ(نامہ نگار)مانک نگر علاقہ میں رہنے والے ایک آٹو ڈرائیور کو اس کے دو برادر نسبتیوں نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ مل کر سرراہ چاقوؤں سے مسلسل وار کرکے زخمی کردیا۔شدید طور سے زخمی آٹو ڈرائیور کو علاج کے لئے ٹراما سنٹر میں داخل کرایا گیا ۔فی الحال اس معاملہ میں ابھی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی ہے ۔ مانک نگر ایس او نے بتایا کہ ہردوئی کا رہنے والا ۳۵سالہ آٹوڈرائیورپون یادو مانک نگر کے شیام نگر علاقہ میں رہتا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ اس نے ۷براس قبل ایک لڑکی سے لو میرج کی تھی ،تقریبا ۲برس قبل میاں بیوی کے درمیان تنازعہ ہو گیا اور معاملہ فیملی کورٹ تک پہنچ گیا۔کچھ عرصہ قبل کورٹ نے آٹو ڈرائیور پر ۱۲ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا ۔
اس کے بعد پون نے کورٹ کے حکم پر بھی روپئے جمع نہیں کرائے،بتایا جاتاہے کہ منگل کی شام تقریبا ۴بجے پون پرکاش سویٹس کی دکان کے نزدیک سے گزر رہا تھا اسی درمیان اس کے دو برادر نسبتی سنجے ، سنیل اور ان کا ساتھی گولو وہاں پہنچ گئے ان لوگوں نے پون سے ۱۲ہزار روپئے دینے کی بات کہی۔اس بات کو لے کر ان کا آپس میں تنازعہ ہو گیا ۔دیکھتے ہی دیکھتے تنازعہ اتنا بڑھ گیا کہ ملزمین نے چاقو سے پون کے سینے اورپیٹ پر تابڑ توڑ کئی وار کئے ،حملہ میں پون شدید طور پر زخمی ہوکر سڑک پر گر پڑا ،اچانک سڑک پر ہوئے اس حادثہ سے وہ
اں سنسنی پھیل گئی ،اس درمیان ملزمین وہاں سے فرار ہوگئے ۔
اطلاع پاکر موقع پر پہنچی مانک نگر پولیس نے شدید طور سے زخمی پون کو علاج کے لئے پہلے اودھ اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو ٹراماسنٹر ریفر کر دیا ،زخمی پون کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے فی الحال ابھی تک اس معاملہ میں زخمی پون کی طرف سے کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی ہے ۔