لکھنؤ۔اترپر دیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے محکمہ توانائی کو آئندہ برسوں کی ضروریات کے مطابق بجلی کی پیداوار ، ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دی ۔ تینوں شعبوں میں بنیادی سہولیات کو فروغ دیا جائے، جس سے ریاست کے عوام کو سال ۲۰۱۶ سے ضلع صدر مقامات پر ۲۲ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں ۱۶ گھنٹے بجلی سپلائی کو یقینی بنایا جاسکے۔مسٹر یادو آج یہاں شاستری بھون میں محکمہ توانائی کے کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہم چلاکر ۴۰۰۰۰ کسانوں کے نجی ٹیوب ویلوں کی اسی مالیاتی سال کے دوران بجلی کاری کی جائے جس سے اپریل ۲۰۱۵ سے درخواست کے ساتھ ہی کسانوں کے ٹیوب ویلوں کی بجلی کاری کرائی جاسکے۔ انہوں نے اس مد میں ۱۶۰ کروڑ روپئے کا بندوبست یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ ریاست میں زیر تعمیر حرارتی بجلی پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انپرا ڈی کے تعمیراتی کاموں میں تیزی لاتے ہوئے اسے ہر حال میں مارچ ۲۰۱۵ تک پیداوار شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح للت پور اور بارا پروجیکٹوں کو جون ۲۰۱۵ تک نجی سرمایہ کاروں کے ساتھ تال میل قائم کرکے شروع کرایا جائے۔ ساتھ ہی میجا پاور پلانٹ کے کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ اکتوبر ۲۰۱۶ تک اس پروجیکٹ سے بجلی سپلائی ممکن ہوسکے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ہردوا گنج ، پنکی ، اوبرا سی ، گھاٹم پور، میجا۔ ۲ ؍اور کرچھنا پروجیکٹوں کو بھی سال ۲۰۲۱ تک ہر حالت میں مکمل کیا جائے جس سے ریاست کے صارفین کو معقول بجلی حاصل ہوتی رہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اضافہ شدہ پیداوار صلاحیت کے ساتھ ترسیل اور تقسیم نظام کو مستحکم کیا جائے ۔انہوں نے محکمہ توانائی کی جانب سے ماہ جولائی اور اگست میں مہم چ
لاکر نئے ۲۴ لاکھ صارفین کو کنکشن مہیا کرانے کو ایک اچھی حصولیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سبھی نئے صارفین کو میٹر کی سہولت فراہم کرانا اور بلنگ کے نظام کو بھی یقینی بنایا جائے۔ دیہی علاقوں میں بجلی نظام پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ۱۱ ویں پنج سالہ منصوبے کے تحت دیہی بجلی کاری اسکیم کے ۲۲ ؍اضلاع میں وسیع تر بجلی کاری کا کام شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سال ۱۶۔۲۰۱۵ کے دوران اس کام کو پورا کرنے کی ہدایت دی ۔وزیراعلیٰ نے شہری علاقوں کے بجلی نظام اور صارفین کی سہولت کیلئے انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال پر زور دینے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے ترسیل سے متعلق پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔میٹنگ میں وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو ، وزیر سیاسی پنشن راجیندر چودھری،وزیر مملکت برائے توانائی یاسر شاہ ، چیف سکریٹری آلوک رنجن ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری راکیش بہادر، پرنسپل سکریٹری مالیات راہل بھٹناگر ، وزیراعلیٰ کے سکریٹری پارتھ سارتھی سین شرما، منیجنگ ڈائریکٹر اترپر دیش پاور کارپوریشن اے پی مشرا ، ڈائرکٹر کمرشیل جناب سنجے سنگھ ، ڈائرکٹر ورکس یوپی پی ٹی سی ایل شتانشو اگروال ، ڈائرکٹر ٹیکنیکل یوپی آر وی یو این ایل مرلی بھاگ چندانی اور دیگر افسران موجود تھے۔