کانپور(نامہ نگار)آزادی کے بعد سے آج تک لوگ بجلی بحران سے پریشان ہیں۔لیکن اب کانپور کے لوگوں کو بجلی تخفیف کے مسئلہ سے نجات ملنے کی توقع ہے۔کرنل گنج،گموخان کااحاطہ ، طلاق محل علاقوں کے رہنے والے دولاکھ لوگوں کوجلد ہی بجلی کی مسئلہ سے نجات مل جائے گی۔ سماج وادی پارٹی کے سیسامئو اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی حاجی عرفان سونلکی کے ذریعہ آج گورنمینٹ انٹرکالج کرنل گنج میں گیارہ کروڑکی مالیت سے تعمیر ہونے والے بجلی گھر کا سنگ بنیاد رکھا۔یہ بجلی گھر تین ماہ میں تیار ہوجائے گا۔اس بجلی گھر کے ذریعہ کثیرآبادی والے علاقوں کو بجلی تخفیف سے نجات مل جائے گی۔ یہ بات رکن اسمبلی عرفان سونلکی نے بتائی۔انھوں نے کہا کہ رکن اسمبلی فنڈ سے چمن گنج ،درشن پوروااورچمن گنج تھانہ کے قریب پارک میں پانی کا ٹینک تعمیر کرائے جائے گا۔جس کی تجویز انتظامیہ کو ارسال کردی گئی ہے ٹینک کے تعمیر کے بعد علاقہ کے لوگوں کو آسانی سے پانی فراہم ہوگا۔بجلی گھر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سماج وادی پارٹی کے شہر صدراوم پرکاش مشرا،پارٹی کے علاقائی جنرل سکریٹری محمد حسن سمیع کے علاوہ سرتاج انور،شفیق سونلکی اورکیسکو افسران وانجینئر موجودتھے ۔ رکن اسمبلی حاجی عرفان سونلکی نے کہا کہ علاقہ کے کچھ لوگ بجلی گھر کی مخالفت کررہے ہیں ان سے گزارش ہے کہ اچھے کام میں رخنہ اندازی نہ کریں۔ اورعلاقہ کو ملنے والے
تحفہ سے لوگوںکو محروم نہ کریں۔