لکھنؤ(نامہ نگار)بینک سے جعلی دستاویز کی مدد سے قرض لے کر جعلساز گاڑی خرید کر ان کو دوسروں کے ہاتھ فروخت کر دیا کرتے تھے۔ کرائم برانچ اور وکاس نگر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ایسے دو جعلسازوں کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضے سے پانچ لگژری گاڑیاں برآمد کی ہیں۔
ایس پی کرائم برانچ ڈی کے سنگھ نے بتایا کہ کچھ دن قبل بھی سرویلانس سیل اور کرائم برانچ کی ایک ٹیم نے ایسے ہی ایک گروہ کو پکڑا تھا جو بینک میں جعلی دستاویز لگا کر کار قرض پر لے لیتے تھے اس کے بعد کچھ قسطیں جمع کرنے کے بعد وہ قرض پر لی گئی گاڑیوں کو دوسروں کے ہاتھ فروخت کر دیتے تھے۔ کچھ دن قبل وکاس نگر واقع کینرا بینک کے منیجر نے جعلی دستاویز پر گاڑی کو قرض پر حاصل کرنے کی رپورٹ وکاس نگر تھانہ میں درج کرائی تھی اس معاملہ کی تفتیش کیلئے کرائم برانچ کو لگایا گیا تھا۔ کرائم برانچ نے جب تفتیش شروع کی تو پتہ چلا کہ اندرا نگر کے برجیش شرما اور وکاس رستوگی نے بینک سے جعلی دستاویز کی مدد سے قرض پر گاڑی حاصل کی تھی۔ اسی بنیاد پر آج کرائم برانچ کی ایک ٹیم نے ماماچوراہے کے نزدیک سے ملزم برجیش اور وکاس
رستوگی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے بینک سے قرض پر حاصل کی گئی دو انووا ، ایک ٹویرا، ایک اسکارپیو اور ایک ہانڈا امیج گاڑی برآمد کی ہے۔
ایس پی کرائم وی کے سنگھ نے بتایا کہ تفتیش میں اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ گاڑی دستاویز کے ذریعہ قرض لینے اور پھر قرض پر حاصل کی گئی گاڑیوں کو دوسروں کے ہاتھ فروخت کرنے میں بینک اور آرٹی او کے کچھ ملازمین شامل ہیں۔ فی الحال اس سلسلہ میں پولیس تفتیش کررہی ہے۔ پکڑے گئے ملزمین نے جعلسازی کے ذریعہ جمع کی گئی رقم سے ٹائیلس کا کام شروع کیا تھا۔ ملزمان نے برآمد لگژری گاڑیوں کے علاوہ بھی کئی دیگر گاڑیوں کو کچھ لوگوں کے ہاتھ فروخت کرنے کی بات بتائی ہے۔