لکھنؤ(نامہ نگار)۶نکاتی مطالبات کے سلسلہ میں ریاستی بجلی بورڈ جونیئر انجینئرس ایسو سی ایشن نے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ پروگرام کے مطابق جونیئر انجینئروںنے شکتی بھون اور لیسا ہیڈ کوارٹر پر مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ کے سامنے اپنے مطالبات پیش کئے۔ تنظیم کے عہدیداروں نے انتظامیہ پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا۔
تنظیم کے صدر ایس ایم سنگھ اورجنرل سکریٹری جی بی پٹیل نے کہا کہ انتظامیہ نے تنظیم کے مطالبات کو پورا کئے جانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ اسے پورا نہیں کر رہا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ جونیئر انجینئروں نے جمعرات سے تقسیم اور سپلائی کے سبھی علاقوں اور پروجیکٹوں پر بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں لکھنؤ میں شکتی بھون اور لیسا دفتر پر جونیئر انجینئر جمع ہوئے اور نعرے بازی کی۔ مرکزی صدر نے انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ چھٹی کا دن ہونے کے باوجود تنظیم کے عہدیداروں نے احتجاج کیا اور کہا کہ اراکین میں ناراضگی بڑھ رہی ہے ۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ وقت رہتے اپنے معاملات واضح کرے۔