لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے میں صحافی اور صحافت کا اہم کردار ہے۔ موجودہ دور میں صحافیوں پر بڑی ذمہ داری ہے۔ یہ ذمہ داری ملک اور سماج میں صحت مند ماحول اور صحت مند رائے عامہ بنانے کی ہے۔ صحافیوں کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔ اسی لئے جمہوری نظام میں صحافت کو چوتھا ستون کہاجاتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے آج ہوٹل تاج میں ایک نیوز چینل کے رپورٹروں کے اجلاس میں کہا کہ فیس بک اور ٹوئٹر جیسے سوشل میڈیا کے اس دور میں صحافیوں کے کردار اور ذمہ داری میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ خبر بنانے سے قبل سچائی کو پوری طرح پرکھنا ضروری ہے۔ سماجوادی مفکر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کہتے تھے کہ سورج ڈوبنے کا مطلب سورج کا ڈوبن
ا نہیں ہوتا ہے کیونکہ سورج ہمیشہ کہیں نہ کہیں چمک ہی رہا ہوتا ہے۔ اس لئے پوری معلومات کے بغیر خبر نہیں بنانا چاہئے۔ خبر غیر جانبدار اور سماج کو فائدہ پہنچانے والی ہونا چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گورننس میں بھی میڈیا کی اہم حصہ داری ہے۔ یہ حصہ داری عوامی بہبود والی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے اور عوام سے فیڈ بیک حاصل کرنے کی شکل میں ہے۔جنگ آزادی میں صحافیوں کے کردار سمیت دیگر شعبوں میں صحافیوں کے ذریعہ حاصل کی گئی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافت کے شعبہ میں آنے والے نئے لوگوںکو زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنا چاہئے۔ کسی بھی شعبہ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے سیکھنا اور پڑھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور ذمہ داری سے کام کرنے پر سماج پر اس کا اثر ضرور پڑتا ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر راجندر چودھری، ابھیشیک مشرا، پرنسپل سکریٹری اطلاعات نونیت سہگل، نیوز چینل کے سربراہ جگدیش چندروغیرہ موجود تھے۔