کارکنان نے عیش باغ عید گاہ و رام لیلا میدان والی سڑک پر صفائی مہم چلائی۔ شہر کو صاف ستھرا بنائے رکھنے کیلئے چلائے جا رہے صفائی ہفتہ کے تحت آج سیوا سنکلپ کے بینر تلے درجنوں باشندے عیش باغ روڈ پہنچے۔ میونسپل کارپوریشن مجلس عاملہ کے نائب صدر رجنیش گپتا عرف بابی کی قیادت میں پہنچے کارکنوں نے عیش باغ ع
ید گاہ و رام لیلا میدان روڈ پر جھاڑو لگاکر صفائی مہم چلائی۔اس دوران تمام کارکنوں نے اپنے شہر کو صاف بنانے کیلئے عہد لیا۔ اس موقع پر درجنوں کارکنان، طلباء شامل تھے ۔اس موقع پر طلباء نے پوسٹر و بینر لگاکر لوگوں کو صفائی کیلئے بیدار کیا۔ اس موقع پر بنائے گئے سلوگن و پوسٹروں کیلئے محمدعمیر کو اول، لکی کو دوم و پرانجل کو سوم انعامات دے کر سرفراز کیا گیا۔ اس پروگرام کے کنوینر منوج تیواری نے کہا کہ پورے شہر میں اس طرح کے پروگرام منعقدکر کے لوگوں کو بیدار کیا جائے گا۔
دوسری جانب شہر کو صاف ستھرا بنائے رکھنے کیلئے چلائے جا رہے صفائی ہفتہ کے تحت جواہر بھون، اندرا بھون ملازمین یونین نے آج چوتھے دن صفائی مہم چلائی۔ تعطیل ہونے کے باوجود یونین کے عہدیداروں وملازمین نے احاطہ میں صفائی کی۔ آج ہفتہ کی تعطیل ہونے کے باوجود جواہر بھون،اندرا بھون ملازمین یونین کے صدر ستیش پانڈے و جنرل سکریٹری سشیل کمار بچہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ جواہر بھون دفتر پہنچے۔ اتوار ہونے کے باوجود معینہ وقت پر پہنچے عہدیداروںنے صفائی ملازمین کے ساتھ مل کر اسٹینڈ پر جھاڑو لگائی۔ احاطہ میں لگے کوڑے کے ڈھیروں کو ہٹوایا۔ تقریباً تین گھنٹے تک چلی صفائی مہم میں عہدیداروںنے احاطہ میںواقع اسٹینڈ پر پھیلی گندگی کو ہٹوایا۔ یونین کے جنرل سکریٹری سشیل کمار بچہ نے بتایا کہ یہ مہم دو اکتوبر تک جاری رہے گی۔