حیدرآباد29ستمبر(یواین آئی) تمام ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرین کی سلامتی کے اقدامات کو مستحکم کرنے کیلئے ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے 2 اکتوبر سے پاسنجر سکیوریٹی ہیلپ لائن نمبر (1322) کی شروعات کی جائے گی ۔
اس ہیلپ لائن کے ذریعہ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں لگیج ‘ اہم اشیاء کی چوری ‘ جیب کترنے کے واقعات ‘ ساتھی مسافر کی جانب سے
کی گئی ہراسانی ‘ خواتین کیلئے محفوظ کوچس میں دوسرے مسافرین کے سفر اور دیگر جرائم سے متعلق واقعات کی شکایت کی جاسکتی ہیں۔
اس ہیلپ لائن پر کی گئی شکایت کو فوری زونل سکیوریٹی کنٹرول روم ریلوے پروٹیکشن فورس کو بھیج دیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کی گئی کارروائی سے شکایت کنندہ کو واقف کروایا جائے گا ۔
ساوتھ سنٹرل ریلوے کے ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ اس ہیلپ لائن کے ذریعہ عوام بالخصوص مسافرین کو کافی مدد حاصل ہوگی ۔