انچیون۔کے شاندار میدانی گول کی مدد سے ہندوستان نے آج یہاں میزبان کوریاکو ایک کے مقابلے صفر سے شکست دے کر 12 سال میں پہلی بار ایشیائی کھیلوں کی مرد ہاکی مقابلے کے فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے دو کوارٹر میں کوئی گول نہیں ہونے کے بعد آکاش دیپ نے 44 ویں منٹ میں ہندوستان کو برتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ پچھلی بار 2012 بسان ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں جگہ بنانے والی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم اب فائنل میں جمعرات کو دیرینہ حریف پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کی فاتح سے بھڑیگی۔ ہندوستانی ٹیم نے آغاز سے ہی میچ میں دبدبہ برقرار رکھا اور کنٹرول میں نظر آئی جبکہ کوریا کی ٹیم ہندوستانی ڈیفنس کو چھکانے میں ناکام رہی۔
ہندوستانی ٹیم نے مسلسل کوریا کی ٹیم پر حملے بولے جبکہ مخالف ٹیم ایسا کرنے میں ناکام رہی۔ہندوستان کو گول کرنے کا پہلا موقع پانچویں منٹ میں ملا لیکن ایس وی سنیل کے پاس کو دھرم ویر سنگھ اپنے قبضے میں لینے میں ناکام رہے جبکہ انہیں صرف مخالف گول کیپر کو چھکانا تھا۔دوسرے کوارٹرکے تیسرے منٹ میں ہندوستان کو مسلسل دو پنالٹی کارنر ملے لیکن گول کیپر لی نے وی رگھوناتھ کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔رمندیپ سنگھ اور گروندر سنگھ نے ایک بار پھر مایوس کیا لیکن لاکڑا، رگھوناتھ، من پریت سنگھ اور روپندر پال سنگھ کی ہوشیاری نے ٹھوس کھیل دکھایا۔ دائیں کنارے سے گرباج سنگھ نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ سنیل نے ان کا اچھا ساتھ نبھایا۔ ہندوستان کو مسلسل کوششوں کے بعد 44 ویں منٹ میں کامیابی ملی جب آکاش دیپ نے کافی مشکل زاویہ سے گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی۔ ایک گول سے پچھڑنے کے بعد کوریا کی ٹیم نے آخری کوارٹر میں حملے بڑھا دیے لیکن ہندوستانی ڈیفنس کو توڑنے میں ناکام رہے۔
کوریا کو میچ ختم ہونے سے دو منٹ پہلے اپنا پہلا اور واحد پنالٹی کارنر بھی ملا لیکن ہندوستانی ڈیفنس نے ایک بار پھر مخالف ٹیم کو گول کرنے سے روک دیا۔