دبئی۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے دبئی پہنچ گئی ہے اس دورے میں ایک ٹی ٹوئنٹی تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ پانچ اکتوبر کو دبئی میں ہو گا۔ تین ون ڈے انٹرنیشنل سات، دس اور 12 اکتوبر کو بالترتیب شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی میں ہو گا جبکہ ابوظہبی 30 اکتوبر سے تین نومبر تک ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ آسٹریلوی ٹیم کے آل راؤنڈر جیمز فاکنر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور اس کے خلاف سیریز انتہائی سخت ہو گی کیونکہ پاکستانی کرکٹروں کو متحدہ عرب امارات کے موسم اور وکٹوں کا بخوبی اندازہ ہے۔ جیمز فاکنر کا کہنا ہے کہ جب بھی آپ کسی ملک کے خلاف کھیلتے ہیں تو چاہے
وہ ایک میچ کی سیریز ہو یا تین یا پانچ کی وہ چیلنجنگ ہوتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی کپتان ہیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ نے کہا کہ ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف سیریز کی بڑی اہمیت ہے۔ جیمز فاکنر کا کہناہے کہ ان کی ٹیم اس سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے خلاف شکست کو ذہن سے نکال کر میدان میں اترے گی۔
یاد رہے کہ اس سال مارچ میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ اکتوبر کو ہونے والے واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلئے آسٹریلیا نے ایرون فنچ کی شکل میں نیا کپتان مقرر کیا ہے کیونکہ جارج بیلی نے آئندہ ٹی ٹوئنٹی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر شاہد آفریدی کو سونپی گئی ہے تاہم پاکستانی ٹیم کو پوری سیریز ورلڈ کلاس آف سپنر سعید اجمل کے بغیر کھیلنی ہے جنھیں ان دنوں مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی کا سامنا ہے۔ پاکستانی ٹیم کیلئے ایک اور بری خبر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر بھی امپائروں کا اعتراض سامنے آنا ہے۔ اگرچہ محمد حفیظ کو بولنگ کرنے سے نہیں روکا گیا ہے تاہم چمپئن لیگ کے دوران امپائروں نے ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ کر کے انٹرنیشنل امپائرز کو بھی چوکنا کر دیا ہے۔